رینجرز کے کسی اختیار کو ختم نہیں کیا گیا‘ مولابخش چانڈیو

December 17, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 32

آئین کے تحت رینجرز کو جو اختیارات دیئے گئے ہیں وہ رہیں گے‘ رینجرز کا آپریشن بھی جاری رہے گا
کسی کے خلاف ثبوت ہیں تو اس کی گرفتاری سے قبل رینجرز کوسندھ حکومت سے تحریری اجازت لینا ہوگی
وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنا وعدہ پورا کردیا‘ لڑانے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے لوگ ناکام ہوگئے
سندھ اسمبلی کی قرار داد سے ڈاکٹر عاصم کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا‘ مشیر اطلاعات کی میڈیا سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز کے کسی اختیار کو ختم نہیں کیا گیا ہے آئین کے تحت رینجرز کو جو اختیارات دئیے گئے ہیں وہ رہیں گے۔ ان ہی کے تحت وہ کارروائی کر سکے گی۔ رینجرز کا آپریشن جاری رہے گا رینجرز کی کارروائیوں پر کل بھی اعتماد تھا اور آگے بھی رہے گا، سندھ اسمبلی کی قرار داد سے ڈاکٹر عاصم کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اس کے ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔ اور اس کی گرفتاری سے قبل سندھ حکومت سے تحریری اجازت لینی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ رینجرز سے متعلق قرار داد پیش کرنے کے حوالے سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے۔ لڑانے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے لوگ ناکام ہوگئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب وزیر اعلیٰ ہائوس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ تاجروں کے جو خدشات تھے وہ دور کر دئیے ہیں رینجرز کے اختیارات پر کوئی قدغن نہیں لگا ئی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں رینجرز کو کرپشن کے معاملے پر اختیارات ہیں؟ دوسرے صوبوں میں رینجرز کو اختیارات کیوں نہیں دئیے گئے۔