مشتعل افراد نے ڈاکو مار ڈالا شہری حکومت کا ملازم لوٹ مار کرتے ہوئے پکڑا گیا

December 17, 2015 4:53 pm0 commentsViews: 31

نیو کراچی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 3شہری زخمی، ایک ملزم کو دبوچ لیا گیا،2ساتھی فرار
شہریوں نے ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جلانے کی کوشش کی، شدید زخمی ملزم نے اسپتال میں دم توڑ دیا
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی میں ملزمان نے ڈکیتی کی مزاحمت پر 3 شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا مشتعل افراد نے ایک ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بناکر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ لوٹ مار کے دوسرے واقعے میں شہری حکومت کے ملازم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی میں سندھی ہوٹل نظامی دوا خانے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار3 ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں40 سالہ قدیر خان، 45 سالہ سلیم اور سمیع نفیس زخمی ہوگئے۔ اس دوران قریب کھڑے مشتعل افراد نے ایک ملزم کو دبوچ لیا جبکہ اس کے2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، مشتعل افراد نے 30 سے35 سالہ نا معلوم ملزم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزم کو مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مشتعل افراد ملزم کو جلانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس بروقت پہنچ گئی۔ ایس ایچ او اسلم کھکرانی کا کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بر آمد نہیں ہوا، اور نہ ہی ایسی کوئی چیز ملی جس سے شناخت ہو سکے۔ دوسری جانب عزیز بھٹی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار2 ملزمان نے شہریوں سے لوٹ مار کی تو قریب کھڑے افراد نے ایک ملزم کو پکڑ لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ مشتعل افراد نے ملزم محمد رضوان خان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رضوان سٹی گورنمنٹ کا ملازم ہے اور نقلی پستول سے لوٹ مار کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم سرجانی ٹائون کا رہائشی ہے ملزم کا کہنا تھا کہ ضرورت کے تحت پہلی بار ڈکیتی کی واردات کر رہا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کے
بنگلے پر تعینات جعلی ڈرائیونگ لائسنس
بنانے کے الزام میں اہلکار گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کلفٹن پولیس نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی کے بنگلے پر تعینات پولیس اہلکار اسکے ساتھی کو گرفتار کرکے جعلی لائسنس اور اسلحہ برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کے اے ایس آئی عارف شاہ نے زمزمہ اسٹریٹ پر چھاپہ مار کر پولیس اہلکار نواز سراج اور پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ ارشد جہانگیر کو گرفتار کرکے درجن سے زائد جعلی ٹریفک لائسنس اور پستول برآمد کر لیا ،پولیس کے مطابق پولیس اہلکار نواز سراج ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی کے بنگلے پر تعینات تھا ،پولیس نے مقدمہ نمبر535/15درج کرکے انکے مزید ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ،پولیس کے مطابق انکے گروہ میں مزید درجن سے زائد افراد شامل ہے جس میں ٹریفک پولیس کے افسران بھی شامل ہے ۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں
اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسپیشل انوسٹی گیشن پولیس (ایس آئی یو)نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کاروائی کر کے اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ملزمان قتل اور دیگر وارداتوںمیں مفرور تھے ایس ایس پی محمد فاروق اعوان کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد حسین ،شاہد گل اور محمد اسماعیل شامل ہیں ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران ایک ملزم گل بہار ولد گل بیگ کو قتل کیا تھا ملزمان نے پولیس نے تین پستول اور کارتوس برآمد کر لئے پولیس کے مطابق ملزمان ایسٹ زون کے علاقے میں ہونے والی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ملزمان سے پولیس کی تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں ۔

کراچی میں ڈرون ٹیکنالوجی پر کام کرنے والا القاعدہ کا گروہ گرفتار
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر وحیدالرحمن کے اصل قاتلوں کو گرفتار کرلیا
گرفتار ہونے والوں میں کراچی کی اہم سیاسی شخصیات کا بیٹا بھی شامل ہے جو القاعدہ برصغیر کے اہم گروہ کا نائب امیر تھا
ملزم کے مزید ساتھی بھی گرفتار کئے گئے ہیںجن کی تعداد 10سے 12ہے جو ڈرون سے متعلق ٹیکنالوجی پر کام کررہے تھے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکورٹی اداروں نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ برصغیر کا ایسا گروہ گرفتار کیا ہے جو ڈرون سے متعلق ٹیکنالوجی پر کام کررہا تھا۔کچھ گرفتاریاں شہر کے حساس ترین علاقے سے بھی ہوئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پروفیسر شکیل اوج اورپروفیسر وحید الرحمان کا اصل قاتل گرفتار کرلیا گیاہے ۔ گرفتار ہونے والا نوجوان کراچی کی جانی پہچانی سیاسی شخصیت کا بیٹا ہے اور القاعدہ برصغیر کے اہم گروہ کا نائب امیر تھا ۔اس کے مزید ساتھی بھی گرفتار کئے گئے جن کی تعداد 10سے 12ہے جس میں کچھ ڈرون سے متعلق ٹیکنالوجی پر کام کررہے تھے۔اعلیٰ سیکورٹی ذرائع کے مطابق منصوبہ کچھ یوں تھا کہ پہلے ڈرون کے کیمرے کے سامنے اندھیراکیا جائے پھر اس کے سگنلز کو جام کرکے زمین پر گرادینا تھا۔حراست میں لئے جانے والے گروہ کے ارکان میں3انجینئرز بھی شامل ہیں ۔اعلیٰ سیکورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ القاعدہ برصغیر کے گرفتار افراد نے حساس ادارے کے کراچی میں واقع ہیڈ کوارٹراور کور ہیڈکوارٹر کراچی سمیت شہر کے دیگر اہم عسکری دفاتر پر حملے کا منصوبہ تیارکیا تھا۔ اس گروہ نے ملیر کینٹ سے نکلنے والے اہم عسکری افسران کو بھی نشانہ بنانے کا بھی منصوبہ بنایا تھا جس کے لئے وہ ان افسران کی ریکی بھی کرچکے تھے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ القاعدہ برصغیر کا یہ گروہ مبینہ طور پر ایسے ڈرون تیار کر رہا تھا جس کے ذریعے اس نے شہر کی اہم ترین عسکری تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا ۔القاعدہ برصغیر کے اس گروہ کے ارکان کی گرفتاری پنجاب اور کراچی سے کی گئی۔اہم بات یہ ہے کہ کچھ گرفتاریاں ملیر کینٹ کے اندر سے بھی کی گئی۔ملیر کینٹ سے گرفتار ہونے والے نوجوان کسی دہشت گرد کارروائی کا حصہ نہیں رہے مگر ان پر القاعدہ برصغیر سے وابستگی اور اس کی اہم شخصیات کے لئے کام کرنے کا الزام ہے ۔

پولیس کی چھاپہ
مار کارروائیاں‘69 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوںکے بعد69ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اورمنشیات برآمدکرلیا۔کراچی پولیس ترجمان کے جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں77چھاپہ مار کارروائیوں اور 4مقابلوں کے بعد69ملزمان کو گرفتار کرلیا،جن میں27اشتہاری و مفرور،غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں11ملزمان ،امتناع منشیات کے الزام میں13،ایک ڈکیت ،ایک بھتہ خور جبکہ دیگر جرائم میں ملوث16ملزمان بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے12پستول اورمنشیات برآمد ہوئی ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی۔

نیو سبزی منڈی کے قریب دہشتگردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن، 10مشتبہ افرادگرفتار
ایس ایس پی رائو انوار نے بھاری نفری کے ہمراہ جنجال گوٹھ، جمالی گوٹھ اور حمد خان گوٹھ میں گھر گھر تلاشی لی ،دو موٹر سائیکلیں برآمد
بریگیڈ پولیس نے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، گلشن سے ایک ملزم گرفتار تین ساتھی فرار،ڈیفنس سے تین ملزمان پکڑے گئے70ڈکیتیوں کا اعتراف
کراچی(کرائم رپورٹر)پولیس نے مختلف کارروائی میں خاتون سمیت 27ملزمان کو گرفتار اور سرچ آپریشن میں 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے خفیہ اطلاع پر نیو سبزی منڈی کے علاقے جنجال گوٹھ،جمالی گوٹھ اور حمدخان گوٹھ میں دہشت گردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا جس میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کمانڈوز بھی شامل تھے ۔ایس ایس پی رائو انوار نے بتایا کہ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔جبکہ 2چوری کی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ زیر حراست افراد کا تعلق ٹانک اور وزیرستان سے ہے ۔بریگیڈ پولیس نے ایک کارروائی میں خاتون سائرہ سمیت 3ملزمان نور خان اور دانش کو گرفتار کر کے ایک پستول اور 600گرام چرس برآمد کرلی ۔گلشن اقبال پولیس نے میٹرو برج سفاری پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم ریاض کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلی جبکہ موقع سے اسکے تین ساتھی شاہد ، جاوید اور زاہد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ بدھ کی شام کوگلشن اقبال پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم ریاض کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا ،مقابلے کے دوران زخمی سمیت تین ملزما ن فرار ہوگئے تھے ،ڈیفنس پولیس نے دوران پیٹرولنگ تین ملزمان ذیشان،فراز اورجعفر کو گرفتار کر کے تین ٹی ٹی پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون بر آمد کرلئے۔پولیس کے مطابق پکڑے گئے ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران6ماہ قبل فیروز آباد کے علاقے میں ایک شہری کو مزاحمت کرنے پر زخمی کرنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں70 کے قریب ڈکیتیاں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔پریڈی پولیس نے علاقے سے پتھاروں کے خلاف کارروائی کے دوران20افراد کو گرفتار کر کے مقد مات درج کرلئے گئے۔

اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان نے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو قتل بھی کیا تھا ، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان شاہد گل ، محمد اسماعیل اور محمد حسنین کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر گل بہار ولد گل بیگ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا ،ملزمان نے دوران تفتیش ایسٹ زون میں متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ، مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

صدر میں مرغی کے بیوپاری سے بھتہ لینے والے 2 گینگ وار کارندے گرفتار
دونوں ملزمان رینبو سینٹر کے قریب بیوپاری سے بھتہ لینے آئے تھے‘ مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد پکڑے گئے
بغدادی کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں گینگ وار کارندوں کا بھتہ نہ دینے پر جراح پر تشدد
کراچی(کرائم رپورٹر)پریڈی پولیس نے مرغی کے بیوپاری سے بھتہ وصول کرنے والے لیاری گینگ وار کے دوکارندوں کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔ لیاری میں بھتہ نہ دینے پر جرح پر تشدد کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے رینبو سینٹر کے قریب مرغی کے بیوپاری سے پانچ لاکھ بھتہ وصول کرنے والے لیاری گینگ وار وصی اللہ لاکھوگروپ کے دوکارندوں عبدالعلیم الحق خان عرف عمران ولد بسمہ خان اور بابر کچھی عرف باجی شوٹرولد صدر الدین کا پریڈی پولیس سے مقابلہ ہوگیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے جن کو پولیس نے گرفتار کرکے دوٹی ٹی پستول ،دودستی بم اور چھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد کرلی،پولیس کے مطابق ملزمان کھڈا مارکیٹ اور پرانا گولیمار کے رہائشی ہے،ملزما ن کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔ ۔بغدادی کے علاقے کھڈا مارکیٹ الفلاح روڈ پر لیاری گینگ وار کے کارندوں نے بھتہ نہ دینے پر جرح حکیم نامی شخص کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کردیا جس کو سو ل اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔