رینجرز کو لولے لنگڑے اختیارات دینا مذاق ہے‘ آفاق احمد

December 17, 2015 4:24 pm0 commentsViews: 28

بدعنوان سرکاری ملازمین اور کرپٹ عناصرکی گرفتاری کیلئے سندھ حکومت سے اجازت انصاف کے منافی ہے
ملک کے معاشی حب سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے رینجرز اختیارات میں غیر مشروط توسیع ضروری ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے سندھ اسمبلی سے رینجرز اختیارات میں توسیع کی قرارداد منظوری پراپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان سرکاری ملازمین اور کرپٹ عناصر کی گرفتاری کیلئے سندھ حکومت کی پیشگی اجازت کی شرط عدل و انصاف کے منافی ہے۔ جرم خواہ کوئی بھی کرے اسکا مکمل احتساب ہونا چاہئے۔ چیئرمین آفاق احمد نے کہا رینجرز کو لولے لنگڑے اختیارات دینا سندھ کے شہریوں کے ساتھ مذاق ہے، دہشت گردی صرف کسی کو قتل کرنا ہی نہیں ہوتی آج کے دور میں دہشت گردی کیلئے سرمایہ فراہم کرنے اور اس سرمائے کے حصول کیلئے بدعنوانی اور کرپشن بھی دہشت گردی ہی کے زمرے میں آتی ہے ۔ ملک کے معاشی استحکام اور معاشی حب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے رینجرز اختیارات میں غیر مشروط توسیع ضروری ہے جس کیلئے وفاقی حکومت اور آرمی چیف کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہئے۔