ڈالر گرل ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی

December 17, 2015 4:30 pm0 commentsViews: 44

راولپنڈی کی عدالت سے ضمانت اور پاسپورٹ ملنے کے باوجود بیرون ملک جانے نہیں دیا جارہا‘ لطیف کھوسہ
عدالت نے فریقین کو 23 دسمبر تک نوٹس جاری کردیا‘ لطیف کھوسہ کی عدالت کے باہر رینجرز اختیارات پر کڑی تنقید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر فریقین کو23دسمبر تک نوٹس جاری کردیئے سندھ ہائی کورٹ میں ایان علی کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی کہ ان کے خلاف راولپنڈی میں منی لانڈرنگ کیس زیر سماعت ہے اور اس میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے اور ان کی والدہ اور کاروبار دبئی میں ہے لہٰذا وہ دبئی جانا چاہتی ہیں لیکن ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے جس کو خارج کیا جائے درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹونے کی عدالت نے موقف سنتے ہوئے وفاقی وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو 23دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردیے جبکہ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے وکیل اور پیپلز پارٹی کے رہنما ا ور سابق گورنر لطیف کھوسہ سندھ میں رینجرز اختیارات کے معاملے پر پھٹ پڑے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظورکروانا آئینی تقاضا ہے چوہدری نثار کو کیا سوجھی‘ لطیف کھوسہ نے سندھ حکومت کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی دھمکیاں دینے والے اپنا شوق پورا کریں ، پنجاب میں حالات زیادہ خراب ہیں،معافیاں مانگنے کی ویڈیوز ہمارے پاس بھی موجود ہیں۔

ماڈل ایان علی کا نام
ای سی ایل سے نکالنے کیلئے
دائر درخواست کی سماعت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی ۔دوران سماعت ایان علی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماڈل ایان علی کی والدہ بیمار ہیں اور انہیں اس کے لیے دبئی جانا ہے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ ایان علی کا سندھ سے تعلق ہے ؟ ماڈل ایان علی کے وکیل کا اس پر کہنا تھا کہ تعلق پنجاب سے ہے جبکہ رہائش کراچی میں ہے ۔عدالت نے وزارت داخلہ اور انچارج جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23دسمبر تک ملتوی کردی ۔