سانحہ آرمی اسکول کے شہداء سے اظہار یکجہتی ایس ایس یو کمانڈوز کا فلیگ مارچ

December 17, 2015 4:51 pm0 commentsViews: 26

ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار لیڈی کمانڈوز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے ایس ایس یو کمانڈوز نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا ،ڈبل کیبن گاڑیوں پر سوار لیڈی کمانڈوز شہریوں کی توجہ کا باعث بنی رہیں ۔تفصیلات کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا سے اظہار یکجہتی اور دہشت گردوں سے لڑنے کا عزم لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے خصوصی کمانڈوز(SWAT)نے پرتعیش لگژری گاڑیوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا جس میں مرد کمانڈوز موبائلوں میں سوار اور لیڈی کمانڈوز ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار رہیں ۔حسن اسکوائر سے شروع ہو نے والے فلیگ مارچ کا قافلہ اسٹیڈیم روڈ ،یونیورسٹی روڈ ،راشد منہاس روڈ اور شارع فیصل سے ہوتا ہوا سعود آباد پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچا جہاں سے واپس شارع فیصل اور کارساز سے ہوتا ہوا حسن اسکوائر ہیڈ کوارٹر پر اختتام پذیر ہو گیا ۔سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد میں ایسٹ زون پولیس ہیڈ کوارٹر،ملیر ،سینٹرل جیل اور سی آئی اے سینٹر میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی ۔تقریب میں پولیس اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔قرآن خوانی کے بعد شہدا کے لیے دعا بھی کی گئی ۔دوسری جانب ایسٹ زون پولیس نے آرمی پبلک اسکول تک فلیگ مارچ بھی کیا ۔واضح رہے کہ دعائیہ تقریب کا انعقاد آئی جی سندھ یا ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے مرکزی سطح پر نہیں کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور 16دسمبر 2014کی یاد میں ایسٹ زون کے تحت ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام ایسٹ زون ہیڈ کوارٹر سعود آباد میں بدھ کی صبح 11بجے کیا گیا جس میں پولیس کے زونل اور ڈویژنل افسران کے ساتھ اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی –