پانی کی عدم فراہمی پر جہانگیر روڈ پر علاقہ مکینوں کا احتجاج

December 17, 2015 4:57 pm0 commentsViews: 28

سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کرکے ٹریفک جام کردیا‘ علاقے میں ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلوچ پاڑہ میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے مشتعل ہو کر جہانگیر روڈ بلاک کردی ،مظاہرے کے باعث لیاقت آباد اور گرومندر کے اطراف میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے بلوچ پاڑے میں کئی روز سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور واٹر بورڈ حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہو ئے جہانگیر روڈ پر جمع ہو گئے ،مظاہرین نے سڑک کو بلاک کرنے کے ساتھ ٹائر بھی نذر آتش کیے ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کے کرپٹ افسران بھاری رشوت کے عوضمخصوص علاقے کو بلا تعطل پانی فراہم کرتے ہیں جبکہ بلوچ پاڑہ اور اطراف کی آبادی کو ایک ایک ہفتے پانی فراہم نہیں کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین ٹینکر مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔مظاہرے کے باعث لیاقت آباد اور گرومندر کے اطراف سڑکوں پر ٹریفک نظام شدید متاثر ہوا اور ٹریفک جام کی شکایت بھی رہی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر نے کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ۔