پیپلزپارٹی پاکستان آمد پر زرداری کو گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی حاصل کرنے میں ناکام

December 17, 2015 5:29 pm0 commentsViews: 31

رحمن ملک نے اس سلسلے میں حکومتی حلقوں سے رابطہ کیا تھا
یقین دہانی نہ ملنے کے بعد زرداری کو رپورٹ پیش کردی
رحمن ملک زرداری کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے
اعلیٰ سعودی شخصیات سے مدد کی درخواست کرینگے، ذرائع
اسلام آباد(نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمن ملک مقتدر حلقوں سے سابق صدر آصف علی زرداری کی 27 دسمبر کو اپنی اہلیہ بے نظیر بھٹو کی آٹھویں برسی میں شرکت کے لیے پاکستان آمد پر گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی حاصل کرنے میںناکام ہوگئے اور دبئی پہنچ کر آصف زرداری کو رپورٹ دے دی، بعدازاں آصف زرداری کے ساتھ رحمن ملک بھی عمرے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ جہاں اعلیٰ سعودی شخصیات سے ملاقات کرکے مدد کی درخواست کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی 27 دسمبر کو پاکستان آمد کا پی پی کا بیان شوشہ تھا جس کا مقتدر قوتوں کا ردعمل معلوم کرنا تھا جس کا ٹاسک رحمن ملک کو دیا گیا تھا۔ تاہم رحمن ملک نے جڑواں شہروں میں کئی مقتدر شخصیات سے ملاقات کی جو ناکام رہی جس کے بعد طے شدہ پروگرام کے تحت آصف زرداری اور رحمن ملک عمرے کی آڑ میں سعودی عرب پہنچ گئے اور اب سعودی حکمرانوں سے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت پر دبائو ڈلوا کر اپنے لیے رعایتیں لینے کی کوشش کریں گے تاہم اپنے دور حکومت میں ان کا سعودی حکومت سے جو برتائو رہا اسے دیکھتے ہوئے ان کی دادرسی کی امید رکھنا بے کار ہے۔