بینظیر کی برسی پر جلسہ عام میں بلاول بھٹو اہم اعلان کرینگے

December 23, 2015 8:03 pm0 commentsViews: 25

پارٹی کارکنان شہید بینظیر کے پروگرام کو آگے بڑھاتے رہیں گے قائم علی شاہ کا اجلاس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو کی آٹھویں برسی کے موقع پر ایک تاریخی اجتماع ہوگا جس میں لاکھوں شہید بینظیر بھٹو کے چاہنے والے شرکت کریں گے اور اس تاریخی جلسہ سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہم خطاب کریں گے‘ اس بات کا اعلان انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ ہائوس میں پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا نظریہ اور پروگرام ہمیشہ زندہ رہے گا اور پارٹی کارکنان شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے پروگرام کو آگے بڑھاتے رہیں گے‘ اجلاس میں ایک قرار داد میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری اور شریک چیئرمین آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا گیا جبکہ ایک اور قرار داد کے ذریعہ سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے منظور کی گئی‘ قرار داد کی تائید کی گئی اور سندھ حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسیوں کی توثیق کی گئی‘ اجلاس میں مخدوم امین فہیم سمیت دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

Tags: