نیب کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ گرفتار

December 23, 2015 8:02 pm0 commentsViews: 18

ٹائون پلاننگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم پر چائنا کٹنگ کے اہم کردار ماموں چنوں کی معاونت کرنے کا الزام ہے
ملزم نے گلشن اقبال میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کرائیں، ماموں چنوں سے کروڑوں روپے وصول کرچکا ہے، ذرائع
کراچی( کرائم ڈیسک) نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر ٹائون کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم خان کو حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔ ندیم خان پر چائنہ کٹنگ کے اہم کردار چنوں ماموں کی بھاری رشوت کے عوض معاونت کرنے کا الزام ہے۔ با خبر ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر محکمہ ٹائون پلاننگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم خان کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے ذرائع کے مطابق ندیم خان طویل عرصے سے ٹائون پلاننگ میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات تھے اور انہیں گلستان جوہر کے علاقے میں چائنہ کٹنگ کے اہم کردار چنوں ماموں کی جانب سے سرکاری اور رفاعی زمینوں پر قبضہ کرنے کے بعد انہیں پلاٹوں کی صورت میں فروخت کرنے کیلئے جعلی این او سی دینے اور ماسٹر پلان میں مذکورہ زمین کی شناخت کو تبدیل کرنے کا الزام ہے جس کے عوض ملزم ندیم خان نے چنوں ماموں سے کروڑوں روپے بطور رشوت وصول کئے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم جب گلشن اقبال میں تعینات تھا۔ تب بھی اس نے اپنے اختیارات سے سے تجاوز کرکے مذکورہ ٹائون میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات بھی کروائی تھیں، جن میں ریلوے کی زمینوں پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ2 روز میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مزید گرفتاریاں کی جا سکتی ہیں جن میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ بھی شامل ہو سکتا ہے۔

Tags: