ملیر‘ گھر میں آتشزدگی سے 90 سالہ معمر شخص جاں بحق ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

December 23, 2015 8:36 pm0 commentsViews: 24

متوفی ننھے خان اکیلا رہتا تھا‘ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی‘ فائر بریگیڈ وقت پر نہ پہنچ سکی
کراچی (کرائم رپورٹر )ملیر میں گھر کے اندر آگ لگنے سے ضعیف العمر شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودآباد کے علاقے ملیر 15اے ون ایریاغوثیہ مارکیٹ میں واقع مکان نمبر 12/132 میں منگل کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی‘ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا،آگ لگنے کے نتیجے میں کمرے میں موجود 90 سالہ ننھے خان ولد منگل خان جھلس کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو پولیس نے قریبی اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں ایس ایچ او گنور علی کا کہنا ہے کہ متوفی گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا اور واقعہ کے وقت وہ سورہا تھا کہ کمرے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی ۔

نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر)گھگھر پھاٹک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر ہلاک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون کے علاقے گھگھر پھاٹک پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 53 سالہ پیر بخش ولد امیر بخش ہلاک ہوگیا، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی جنگی خان گوٹھ کا رہائشی تھا اور واقعہ کے وقت وہ روڈ عبور کررہا تھا کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

 

Tags: