پولیس کے چھاپے 2 ٹارگٹ کلر سمیت 3ملزمان گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

December 23, 2015 8:35 pm0 commentsViews: 42

ٹارگٹ کلر محمد اویس عرف خان جی اور راحیل نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 4 افراد کو قتل کیا‘ قبضے سے اسلحہ برآمد
الفلاح پولیس نے اسٹریٹ کرائمر ندیم کو گرفتار کرکے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی‘ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا
کراچی (کرائم رپورٹر)سرسید، خواجہ اجمیر نگری اور الفلاح پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے دو ٹارگٹ کلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق سرسید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر محمد اویس عرف خان جی کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے نارتھ ناظم آباد سیکٹر سے ہے اس نے اپنے ساتھی وسیم اور شاہد کے ساتھ مل کر 2012 میں تیموریہ کے علاقے میں فائرنگ کرکے دانش نامی شخص کو قتل کیا تھا ، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ،خواجہ اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نارتھ کراچی سیکٹر کے ٹارگٹ کلر راحیل کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ نارتھ کراچی سیکٹر سے ہے اس نے بلال کالونی کے علاقے میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تین افراد کو قتل کیا تھا ، ملزم کا ایک ساتھی پہلے گرفتار ہوچکا ہے ، جس کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی ملا تھا ، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ، الفلاح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ندیم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، ملزم نے دوران تفتیش اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔

ماڈل کالونی سے مغوی
بچی بازیاب ملزم گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) ماڈل کالونی سے7 ماہ قبل اغواء ہونے والی بچی کو پولیس نے بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلا ت کے مطابق بن قاسم کے علاقے پپری نصیر آباد میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں قید 12 سالہ ارم دختر میر بخش کو بازیاب کرکے ملزم یونس کو گرفتارکرلیا، ملیر انوسٹی گیشن ایڈمن کے ڈی ایس پی علی حسن شیخ کے مطابق بازیاب ہونے والی بچی کو ملزمان نے گزشتہ گیارہ اپریل 2015 کو ماڈ ل کالونی کے علاقے سے زنا کی نیت سے اغواء کیا تھا جس کا مقدمہ الزام نمبر 67/2015 زیر دفعہ 365/B کے تحت درج کیا گیا تھا،بازیاب بچی ملیر کے علاقے برف خانہ کے قریب کی رہائشی اور گداگر خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔

ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کا ملزم پکڑا گیا، 5کلو سونا برآمد
ملزم عمیر شاہ واردات کے بعد دبئی چلا گیا تھا ،کورنگی سے پکڑا گیا، نشاندہی پر ملیر کے ایک گھر سے زیورات برآمد
دوران چیکنگ 3کارلفٹر گرفتار، گاڑی برآمد، مسروقہ موٹر سائیکل سمیت 2ملزمان زیر حراست
کراچی (کرائم رپورٹر)اینٹی کارلفٹنک سیل پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایدھی ہیڈ آفس سینٹر کھارادر میں ہونے والی ڈکیتی کے ایک ملزم سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پانچ کلو سونا، کار اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل کے ایس ایس پی عرفان بہادر نے اپنے آفس میں پریس کانفرنس ہوئے بتایا کہ ایدھی سینٹر کھارادر میں سال 2014ہونے والی ڈکیتی کا ایک مرکزی مفرور ملزم عمیر شاہ جو کہ ڈکیتی کی واردات کے بعد بیرون ملک دبئی جاکر روپوش ہوگیا تھا اب پاکستان وآپس آچکا ہے ، اس اہم اطلاع پر انسپکٹر اشتیاق غوری کی نگرانی میں پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی اور پولیس پارٹی نے 22دسمبر کو کورنگی کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایدھی سینٹر سے لوٹا گیا پانچ کلو سونا برآمد کرلیا، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی کامیاب واردات کی تھی اور واردات کے کچھ عرصے کے بعد اپنے حصے میں ملنے والا سونا اپنے ایک دوست جام اختر کے پاس رکھوا کر دبئی چلا گیا اور اسے حصہ دار بنایا تھا رقم ختم ہونے پر واپس پاکستان آیا تھا اور پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کی نشاندہی پرلوٹے ہوئے طلائی زیورات ملیر کے علاقے کے ایک گوٹھ میں واقع اس کے گھر کے صحن میں مدفون برآمد ہوئے ، یاد رہے کہ ملزم جام اختر پہلے ہی گرفتار ہوچکا ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او عابد شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیکنگ کے دوران ملزم محمد نعیم، عرفان شاہ ، محمد عثمان اور محمد عابد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے کار نمبر ATP-531 سوزوکی مہران جوکہ بوٹ بیسن پولیس کو مطلوب تھی برآمد کرلی، ملزمان کے قبضے سے تین ہینڈ گرنیڈ اور دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، اینٹی کار لفٹنگ سیل کی پولیس پارٹی نے ایک انفارمیشن رپورٹ پر کام کرتے ہوئے ملزم عاطف مسیح اور شہزاد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے موٹر سائیکل نمبر KGV-2177 برآمد کرلی ملزمان کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل گلشن اقبال سے چھینی گئی تھی ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ، اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں اور برآمدگی متوقع ہے ۔

رکشہ اور موٹر سائیکل لفٹر کا 5 رکنی گروہ گرفتار
ملزمان سے موٹر سائیکلیں‘ رکشے ‘جعلی نمبر پلیٹ‘ کاغذات آلات و اسلحہ برآمد
گروہ اسپتالوں کی پارکنگ سے گاڑیاں چوری کرکے کباڑی کوفروخت کرتے تھے‘ ایس ایچ او صدر کی پریس کانفرنس
کراچی (کرائم رپورٹر)صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کرنے والے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکل ، رکشہ، موٹر سائیکل کے چیسز، جعلی کاغذات و نمبر پلیٹیں اور انجن نمبر پنچ کرنے کے آلات برآمد کرلیے ، ملزمان رنچھوڑ لائن کی موٹر سائیکل کباڑی مارکیٹ میں سامان فروخت کرتے تھے ، تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر شبیر سیٹھار نے صدر تھانے میں منگل کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جناح اسپتال اور سول اسپتال کی پارکنگ سے موٹر سائیکلوںاورکشوں کی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے تھانہ صدر کے ایس ایچ او چوہدری محمد طفیل کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جنہوں نہ انتھک محنت سے اسپتالوں کی پارکنگ سے موٹر سائیکل و رکشے چوری کرنے والے پانچ رکنی گروہ شیر محمد عرف شیرو، اصغر ، جاوید ، فیضان اور طاہر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، 26 موٹر سائیکلوں کے چیسز و مختلف پارٹس ، 4 موٹر سائیکلیں ،4 رکشے اور 5موٹر سائیکلوں کے کاغذات و نمبر پلیٹیں اورموٹر سائیکل انجن نمبر پنچ کرنے کے آلات برآمد کرلیے، ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان اسپتالوں کی پارکنگ سے موٹر سائیکلیں اور رکشے چوری کرنے کے بعد ان کو کھول کر چیسز پر نمبر پنج کرنے کے بعد رنچھوڑ لائن کی کباڑی مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے ، شیر محمد عرف شیرو اس گروہ کا لیڈر ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

بینک کا لاکر لوٹنے والا آپریشنل منیجر گرفتار
ملزم کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا گیا‘ رقم عیاشیوں میں استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے آپریشنل منیجر کو گرفتار کرلیا ملزم نے بینک لاکرز سے دھوکے کے زریعے رقم لوٹی تھی۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز ٹاسک فورس کی ٹیم نے ایک نجی ہوٹل میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے آپریشنل منیجر نعیم احمد کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ٹاسک فورس ذرائع کے مطابق زیشان نامی شخص نے درخواست دی کہ بینک کے آپریشنل منیجر نعیم نے اسکے اکائونٹس سے 25ہزار پاؤنڈز سمیت پاکستانی مالیت کے لاکھوں روپے چوری کیے ہیں جس پر ٹیم نے اس کی سرچنگ کی اور اس سے قبل ایک نجی ہوٹل میں چھاپہ مارا تو وہاں سے جا چکا تھا جس کے بعد اسکی فوٹیجز دیکھی گئیں جس میں وہ کچھ خواتین کے ساتھ تھا بعد ازاں اس کی موجودگی کی اطلاع ایک دوسرے نجی ہوٹل میں ہونے پر ملی تو وہاں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے دوران تفتیش مذکورہ پیسے عیاشیوں اور بانڈ ز ٹریڈنگ میں استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Tags: