سندھ پولیس سے 5 ہزار اہلکار برطرف

December 23, 2015 8:42 pm0 commentsViews: 38

برطرف اہلکاروں کو سیاسی بنیادوں اور غیر قانونی طور پر بھرتی کیا گیا تھا‘ ثبوت مل گئے
غیر قانونی بھرتیاں کرنے پر 24 افسران کو نوٹس جاری ‘ آئی جی سندھ کے احکامات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے سندھ پولیس میں سیاسی بنیادوں اور خلاف قواعد وضوابط کے5ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔یہ اہلکار گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔سندھ کے24اضلاع میں سیاسی بنیادوں پر سندھ پولیس میں ہونے والی بھرتیوں کے حوالے سے تحقیقات میں بے قاعدگیوں کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔تحقیقات میں24اضلاع کے ایس ایس پیز کی جانب سے غیرقانونی اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے ثبوت فراہم کیے گئے۔ایسے امیدواروں کو تقرر نامے دیئے گئے جن کا ڈومیسائل ہی متعلقہ ضلع سے نہ تھابلکہ ان کی عمریں بھی28سال سے زائد تھیں۔بھرتیوں میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے تھے۔ تحریری امتحانات کی شیٹ پرمتعلقہ چیکر اور ریکروٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین کے دستخط تک نہیں تھے۔غیرقانونی بھرتیاں کرنے والے24 افسران کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ بھرتی کے بعد ہزاروں پولیس اہلکاروں نے پولیس تربیت بھی حاصل کی اور وہ ڈیڑھ سال سے ڈیوٹیاں بھی انجام دے رہے تھے۔ذرائع کے مطابق جن پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا، انہوں نے تین سے پانچ لاکھ روپے میں نوکری حاصل کی تھی۔سپریم کورٹ کے نوٹس پرآئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس اہلکاروں کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور رپورٹ عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں جمع کرادی ہے۔

Tags: