سندھ میں دہشتگردی کرنیوالے باہر سے آئے ہیں، قائم علی شاہ

December 23, 2015 8:41 pm0 commentsViews: 22

وفاقی حکومت اور پاک افواج کی حمایت اور پولیس ورینجرز کی مشترکہ کارروائیوں سے دہشت گردی کا قلع قمع ہوا ہے
سندھ پولیس کو جدید امریکن اسلحہ اور آلات سے لیس کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی امریکی سفیر سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کو امریکن اسلحہ سے لیس کرنا چاہتے ہیں‘ وفاقی حکومت اور پاک افواج کی حمایت سے سندھ پولیس اور رینجرز کی دہشت گردی کی کارروائیوں کیخلاف مشترکہ کاوشوں اور اقدامات سے بڑی حد تک دہشت گردی کاقلع قمع ہوا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اب سندھ ایک پر امن صوبہ ہے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ ہائوس میں امریکی سفیر ڈیوڈ ایم فیل سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی میں مقیم امریکی قونصل جنرل برائون ہیتھ بھی موجود تھے‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں میں کوئی بھی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث نہیں رہا‘ یہاں تمام دہشت گرد باہر سے آرہے ہیں جن سے ہم آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں اور ہم نے دہشت گردی کیخلاف غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس بات کا تہیہکیا ہوا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جدید اسلحہ آتش گیر مادے کی نشاندہی کرنے والے جدید آلات کی ضرورت ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکی بھی ہمارا ساتھ دینے کے ساتھ ساتھ اپنا تجربہ شیئر کریں‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سندھ پولیس کو جدید امریکی اسلحہ اور دیگر آلات سے لیس کرنا چاہتے ہیں ‘ امریکی سفیر سے اس ضمن میں انہوں نے تعاون کی سفارش کی‘ اس موقع پر امریکی سفیر نے دہشت گردی کیخلاف وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آرمی ‘ رینجرز اور سندھ پولیس کی دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے قربانیاں قابل تحسین ہیں اور امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔

Tags: