سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے‘ ناہید خان

December 25, 2015 2:23 pm0 commentsViews: 37

وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے بچی کی ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے‘ شفاف انکوائری کروا کر ذمہ داروں کو سزا دی جائے
لاہور( نیوز ڈیسک) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکریٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی نیک نامی کے بجائے بدنامی کا باعث بن رہی ہے‘ وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے 10ماہ کی بچی کی ہلاکت افسوسناک واقع ہے‘ اس کی شفاف انکوائری کراکے ذمہ داروں کو سزا دی جانی چاہئے‘ ڈاکٹر عاصم حسین کس دوست کی بھینٹ چڑھے ہیں سب اس سے آگاہ ہیں۔ ایک انٹرویو میں ناہید خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے‘ چاروں صوبوں میں احتساب کا عمل شروع کیا جائے تاکہ کسی کو اس عمل کی شفافیت پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔

سندھ حکومت کیخلاف 9 جنوری کے بعد تحریک چلے گی
اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس نے بھرپور طریقے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا
سندھ حکومت کیخلاف صوبے بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے
وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے بھی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائسن 9 جنوری کے بعد حکومت کے کی ناقص کارکردگی اور رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت کے خلاف بھر پور طریقے سے تحریک کا آغاز کر دے گا جس کے تحت ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتیں اس وقت اپنی تحریک کو جاری رکھیں گی جب تک سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں آجاتی، ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے اپوزیشن جماعتوں کی آپس میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تمام اپوزیشن کی جماعتیں آپس میں رابطے میں ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی کوشش ہے کہ جنوری کا مہینہ تبدیلی کا مہینہ ثابت ہو۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو صرف دس اراکین کی ضرورت ہوگی۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے کئی اراکین اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔