شریعت سے ٹکرائو کے فیصلے قبول نہیں‘ ثروت قادری

December 25, 2015 3:35 pm0 commentsViews: 24

حکمران و عدلیہ شریعت کے منافی فیصلے دے کر اللہ تعالیٰ کے عذاب کو دعوت نہ دیں
کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے‘ سنی تحریک کے سربراہ کا جلوس کے شرکاء سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سرکار دو عالم ﷺ کی ولادت کے سبب ظلم و جہالت کے سیاہ بادل چھٹ گئے ۔ آج پاکستان اگر مشکلات میں گھرا ہے تو اس کی وجہ شریعت کے منافی فیصلے ہیں ،قرآن کا فیصلہ ہے کہ سود لینے اور دینے والے جہنمی ہیں ،شریعت سے ٹکرائو کے فیصلے کسی صورت قبول نہیں ،حکمران عدلیہ شریعت کے منافی فیصلے دیکر اللہ عزوجل کے عذاب کو دعوت نہ دیں ،جشن ولادت اللہ عزوجل کی وحدانیت کو اجاگر کرتا ہے ،دہشتگردی ،کرپشن ،اقرباء پروری نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں نے عوام کے مسائل میں اضافہ اور ملک کو نقصان پہنچایا ہے ،اقرباء پروری اور کرپٹ سیاستدانوں کا عوام محاسبہ کریں ،ضرب عضب آپریشن کی اول روز سے حمایت کرتے آرہے ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ضرب عضب آپریشن کی حمایت جاری رکھیں گے ،پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نجات اور کرپشن سے پاک کرنا ہے تو نظام مصطفی ﷺکا نفاذ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے برآمد ہونیوالے عید میلاد مصطفی ﷺ جلوس کے اختتام پر نمائش چورنگی پر جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر محمد شاہد غوری ،محمد مبین قادری ،فہیم الدین شیخ ،محمد شہزاد قادری ،محمد طیب قادری ،علامہ طارق المدنی ،مولانا عنصر قادری ودیگر علماء ومشائخ اہلسنت بھی موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری کا خطاب میں کہنا تھا کہ ناموس رسالت ﷺ کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔