وزیر اعظم آج کراچی میں مصروف دن گزاریں گے

December 28, 2015 3:13 pm0 commentsViews: 19

پورٹ قاسم اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے‘ ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے
گورنر ہائوس میں اجلاس کی صدارت کرینگے جہاں امن و امان کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی جائے گی
وزیر اعلیٰ سندھ‘ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر سے ملاقاتوں میں رینجرز اختیارات کے معاملے پر بات ہوگی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم میاں نواز شریف ایک روزہ دورے پر آج( پیر) کراچی پہنچیں گے‘وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے‘ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کراچی آمد کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیںگے اور پورٹ قاسم پاور پروجیکٹ کا معائنہ کریں گے اور بعد ازاں وزیراعظم وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم گورنر ہائوس میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں نیشنل ایکشن پلان اور شہر میں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی جائیگی‘ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ‘ ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر کراچی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائیگی‘ واضح رہے کہ مرکز اور سندھ حکومت کے مابین رینجرز اختیارات کے حوالے سے جاری تنازعہ کے متعلق سندھ حکومت کو اعتماد میں لینے اور اس کے تحفظات دور کرنے سے متعلق بھی کئی روز سے تمام سیاسی حلقوں کی نظریں وزیراعظم کے دورے پر لگی ہوئی ہیں۔