جماعت اسلامی کا جنوری میں کرپشن کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

December 28, 2015 3:29 pm0 commentsViews: 45

قوم پر جہالت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، نوجوان ملک کو کرپشن فری بنانے میں میرا ساتھ دیں، سراج الحق
ظالم سرمایہ دار قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن گئے ہیں ،جماعت اسلامی کے سربراہ کا کنونشن سے خطاب
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوری میں کرپشن کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے میری دشمنی جہالت اور کرپشن سے ہے قوم پر جہالت ، غربت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے میرا ساتھ دیں۔ ظالم سرمایہ دار اور قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن بیٹھے اور مزدور کا بیٹا آج بھی تعلیم، صحت اور روزگار سے محروم ہے۔ قوم سے غداری کے عوض جاگیریں لینے والوں کی جاگیریں ضبط کرکے غریب کاشتکاروں اور کسانوں میں تقسیم کریں گے۔ میرٹ کے قتل عام سے قوم کے ذہین نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود بے روزگار اور حکمرانوں کے نا اہل شہزادے اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنایا ہے ملکی اقتدار پر قابض رہنے والوں نے68 سال میں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے کے ان کرپشن کے اربوں ڈالر بیرونی بینکوں میں پڑے ہیں ملک کا نوجوان بیروزگاری کی چکی میں پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو، کی حامی قوتیں عوام کے خلاف متحد ہو چکی ہیں اور اپنے اسٹیٹس کو کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں مگر ہم نے تہیہ کر لیا ہے کہ ان قوتوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے اور جب تک پاکستان کو ان کے پنجہ استبداد سے آزاد نہیں کر والیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔