پولیس کی ملی بھگت،نیو ایئر نائٹ کیلئے غیر ملکی شراب کی بڑی مقدار کراچی منتقل

December 28, 2015 3:32 pm0 commentsViews: 70

شرابیوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لئے دو درجن سے زائد کچی شراب کی بھٹیاں بھی روشن، پولیس نے خاموشی اختیار کرلی
آرگنائزرز نے بنگلوں، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں منعقد ہونے والی محفلوں کے لئے تمام اقسام کی شراب فراہم کردی
کراچی( نیوز ڈیسک) پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملی بھگت سے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر بھر میں بڑے پیمانے پر منعقد کی جانے والی نجی محفلوں کیلئے شراب کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے اسمگلرز اور ڈیلرز نے بڑی مقدار میں غیر ملکی شراب کراچی منتقل کر دی ہے۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے ساتھ بنگلوں میں نیو ایئر نائٹ منانے والوں کیلئے شراب کی تمام ورائٹی تیار ہو چکی ہے غیر مسلموں کے ساتھ غریب شرابیوں کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے شہر میں قائم دو درجن سے زائد کچی شراب کی بھٹیاں بھی روشن کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شراب کی قیمت ہزاروں روپے فی بوتل ہے جبکہ کچی شراب کی ایک تھیلی با آسانی 2 سو سے3 سو روپے میں دستیاب ہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسمگلنگ کی اطلاع ملتے ہی شراب کے گوداموں کی تلاشی شروع کر دی ہے۔ ملیر، گڈاپ، کے ساتھ محمود آباد اور لیاری میں کچی شراب کی بھٹیوں کو علاقہ پولیس نے بھاری رشوت کے عوض تیاری کی چھوٹ دے کر خاموشی اختیار کر لی ہے۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر میں موجود امیر اور عیاش افراد کیلئے نجی محفلوں کو سجانے کے ساتھ ان محفلوں کی جان شراب کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے آرگنائزر نے بڑے پیمانے پر غیر ملکی شراب اسمگل کر لی ہے کراچی کے آرگنائزر جن کے رابطے پورے ملک میں ہیں ان کی جانب سے شراب کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی شراب کے اسمگلروں سے رابطے کئے گئے اور ایڈوانس رقم کی ادائیگی کے بعد ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی شراب خلیجی ممالک سے بذریعہ سمندر اور لانچ کے ذریعے منتقل کی گئی ہے جس کو مقامی ایجنٹوں نے ابراہیم حیدری اور اندرون سندھ کے ساحلی علاقوں میں وصول کیا۔ ایجنٹوں نے شراب کی وصولی کے بعد پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی ملی بھگت سے شراب کراچی سمیت ملک بھر میں ٹرکوں اور کاروں کے ذریعے سپلائی کر دی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ غیر ملکی شراب کی چند ورائٹی ایسی ہیں جن کی ہمیشہ سے ہی ڈیمانڈ رہی ہے اور موسم کو دیکھتے ہوئے یورپی ممالک کی شراب بھی خاصی مقدار میں منگوائی گئی ہے۔ عام دنوں میں غیر ملکی شراب بلیک لیبل کی ایک بووتل 2 ہزار سے3 ہزار میں دستیاب ہوجاتی ہے تاہم نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اسی بوتل کے نرخ کم از کم 5 ہزار روپے مقرر کئے گئے ہیں اسی طرح دیگر غیر ملکی شراب کی قیمت میں بھی کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر بنگلوں اور ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ میں منعقد کی جانے والی محفلوں میں آرگنائزر نے شراب کی ورائٹی فراہم کر دی ہے اور گاہکوں کو نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پسند کی شراب فراہم کی جائے گی۔