رواں سال ،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن میں 37ہزار 7سو ملزمان گرفتار

December 29, 2015 5:05 pm0 commentsViews: 18

رینجرز اور پولیس کی کاررو ائیوں میں 622ملزمان ہلاک ،حساس ادارے کا افسر اور 2پولیس اہلکار جاں بحق، خودکش حملہ آور مارا گیا
ہلاک و گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیموں ،تحریک طالبان، بھتہ خور، ڈکیتی ،لیاری گینگ وار کے ملزمان شامل ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں سال 2015 کے دوران پولیس ورینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 622 ملزمان کو ہلاک اور 37ہزار 7سوسے زائد ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ان کارروائیوں کے دوران حساس ادارے کا ایک افسر اور 2پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ماہ جنوری میں شہر میں پولیس اور رینجرز سے مبینہ مقابلوں کے درمیا ن کالعدم تحریک طالبان پاکستان، لیاری گینگ وار اورڈاکو سمیت 65ملزمان ہلاک ہوئے جبکہ رینجرز اورپولیس نے 3366ملزمان گرفتار کرنے کا دعوی کیا ۔فروری کے مہینے میں شہر میں پولیس اور رینجرز سے مبینہ مقابلوں کے درمیا ن کالعدم تحریک طالبان پاکستان،لیاری گینگ وار ،اورڈاکو سمیت 54 ملزمان ہلاک ہوئے ،پولیس مقابلے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ رینجرز اورپولیس نے 3439 ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔مارچ کے مہینے میں رینجرز اور پولیس سے شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان ،لیاری گینگ وار ،ٹارگٹ کلر اور لوٹ مار کرنے والے سمیت79ملزمان کو ہلا ک کیا، جبکہ 3409ملزمان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ۔اپریل میں رینجرز اور پولیس سے شہر کے مختلف مقامات پر مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم ،لیاری گینگ وار ،اغوا کار ،بھتہ خور اور لوٹ مار کرنے والے ملزما ن سمیت61ملزمان کو ہلاک کیا جبکہ 3037ملزمان کوگرفتارکرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مئی کے مہینے میں شہر قائد میں پولیس ،رینجرز،کانٹر ٹرازم اور قانون نافذکرنے والے اداروں سے مقابلے کے دوران 80جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کردیا گیا، جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 34،لیاری گینگ وارکے 23اور 23ڈکیت بھی شامل ہیں جبکہ دوسری جانب سانحہ صفورا کے چار ملزمان سمیت2712ملزمان بھی گرفتار ہوئے ۔