جشن عید میلاد النبی ؐ ایمر جنسیاں دھری کی دھری رہ گئیں، شہر میں گندگی کے ڈھیر

December 29, 2015 5:20 pm0 commentsViews: 38

ضلع وسطی بد ترین کارکردگی میں سر فہرست، جلوس کی گزر گاہوں کو بھی صاف نہ کیا جا سکا
شہریوں میں سخت اشتعال، بلدیاتی اداروں پر تنقید اعلیٰ حکام سے سخت کارروائی کا مطالبہ
کراچی (سٹی رپورٹر) جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بھی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی صفر رہی شہر میں صفائی ستھرائی اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے دعوے بیانات کی حد تک محدود رہے جس کے باعث شہر بھر میں گندگی و غلاظت کے ڈھیر جمع رہے۔ بارہ ربیع الاول کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں اور ریلیوں کے شرکاء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہر کی کچرا کنڈیوں کی صفائی تو درکنار سڑکوں، شاہراہوں اور سروسز روڈسے بھی گندگی و غلاظت کے ڈھیر صاف کرنے میں ڈی ایم سیز ناکام رہیں جس پر شہریوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔ شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم رہا اور جگہ جگہ سیوریج کا گندہ پانی جمع ہونے سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہوکر رہ گئے۔ کراچی کی ڈی ایم سیز میں ضلع وسطی بدترین کارکردگی میں سرفہرست رہا ضلع وسطی کے مختلف علاقوں جس میں بالخصوص نارتھ کراچی کے مختلف علاقے، لیاقت آباد، گلبرگ زون کے علاقے حسین آباد، دستگیر، علی آباد، عزیز آباد، نارتھ ناظم آباد کی اندرونی سڑکوں کے ساتھ ساتھ مین شاہراہوں کی سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر بھی گندگی و غلاظت کے ڈھیر جمع رہے مذکورہ علاقوں میں جشن آمد رسولﷺ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے شرکاء کو شدید اذیت کا سامنا رہا اور شہریوں نے ضلع وسطی کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے ضلع وسطی کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔