کراچی میں جیو نیوز کی چھینی گئی وین نذر آتش

December 30, 2015 3:32 pm0 commentsViews: 19

گاڑی کو کیمیکل کے ذریعے آگ لگائی تھی‘ ملزم گرفتار‘ ڈرائیور سے چھینا گیا موبائل برآمد
جلی ہوئی گاڑی کی فرانزک کرلی گئی‘ کس مقصد کیلئے چھینی تحقیقات جاری‘ پولیس
کراچی( کرائم ڈیسک) ٹی وی چینل جیو نیوز کی چھینی جانے والی وین کو نامعلوم ملزمان آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کو کیمیکل کے ذریعے آگ لگائی گئی ہے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ڈرائیور سے چھینا ہوا موبائل فون بھی بر آمد کرلیا ہے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس تاحال واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک18 اور19 کے درمیان پیر کو مسلح ملزمان نے وین ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر گاڑی نمبرKQ-1584 کو چھین کر فرار ہوگئے تھے جو منگل کی صبح نیپئر تھانے کی حدود سپر چوک بھیم پورہ سے ملی جو مکمل طور پر جل چکی تھی۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین نے بتایا کہ نا معلوم ملزمان نے گاڑی چھیننے کے بعد بھیم پورہ کے علاقے میں اسٹارٹ گاڑی کھڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کے باعث گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے کہ وین چھیننے والے ملزمان کون ہیں اور کس مقصد کیلئے یہ گاڑی چھینی گئی تھی جلی ہوئی گاڑی کی فرانزک کر لی گئی ہے تاہم حتمی رپورٹ کے بعد ہی دیگر چیزیں واضح ہو سکیں گی۔