سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنے وعدوں پر قائم ہوں‘ قائم علی شاہ

December 30, 2015 4:33 pm0 commentsViews: 21

ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے صوبے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا‘ وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی سے ٹھٹھہ بہت ہی اہمیت کا حامل سڑک منصوبہ ہے‘ تقریب سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے صوبے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ میں سندھ کی ترقی اور تھرکول سمیت صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنے عوام اور پی پی کی قیادت کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقدہ کر اچی ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء ، سیکریٹریز ، ایف ڈبلیو اواور دبئی اسلامک بینک کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے ساتھ ملکر سڑکوں کا جال بچھانے اور انفرااسٹرکچر کی تعمیرکے تحت کراچی ٹھٹھہ ڈوئل کیریج وے کا آغاز کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں کراچی سے ٹھٹھہ بہت ہی اہمیت کا حامل سڑک کا منصوبہ ہے۔ اور اس منصوبے کا سب سے بڑا اقتصادی فائدہ اسی سڑک کو ٹھٹھہ سے تھرکول فیلڈ تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی سڑک کی تعمیر سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفر کی آسانی ہوگی جو اسی روٹ پر سفر کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ اُمید کی جاتی ہے کہ بہتر انفرا اسٹرکچر کی سہولیات کے بعد گردونواح کے علاقوں میں بہتر تعلیمی اور صحت کی سہولیات کو فروغ حاصل ہو گا نئے اسکول اور صحت مراکز کھلیں گے جس سے عوام کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔