سندھ کابینہ میں ردوبدل‘وزراء کو اضافی قلمدان بھی سونپ دیئے

December 30, 2015 5:07 pm0 commentsViews: 25

وزیر بلدیات جام خان شورو کولائیو اسٹاک اور مشیر اطلاعات کو آرکائیو کا اضافی چارج مل گیا
سکندر میندھرو سے محکمہ کو آپریشن کا چارج لیکر عبدالجبار کے حوالے‘ اب بھی دو قلمدان پربراجمان ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ میں ردو بدل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو محکمہ لائیو اسٹاک کا اضافی قلمدان بھی سونپ دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو کو بھی محکمہ آرکائیوز کا اضافی قلمدان سونپ دیا ہے جبکہ وزیر ماحولیات ، ساحلی ترقی اور امداد باہمی ڈاکٹر سکندر میندھرو سے امداد باہمی کا قلمدان واپس لے لیا ہے ۔ امداد باہمی کا قلمدان وزیر اعلیٰ سندھ کے سیاسی معاون عبدالجبار خان کو سونپا گیا ہے۔ اس ضمن میں منگل کو حکومت سندھ نے نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ سندھ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے‘ کچھ وزراء کو فارغ کیا جاسکتا ہے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کام نہ کرنے والے وزراء کو فارغ کرکے ان کی جگہ متحرک افراد کو وزارت دینے کی ہدایت کی ہے۔