اینٹی کرپشن نے محکمہ صحت کے 26 ملازمین کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا

December 30, 2015 5:13 pm0 commentsViews: 23

چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری‘ افسران بھی شامل ہیں
مذکورہ ملزمان نے سندھ حکومت کو 13 کروڑ 14 لاکھ روپے کی کرپشن کرکے نقصان پہنچایا
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) حکومت سندھ کی اینٹی کرپشن کمیٹی نمبر 1 کا ایک اہم اجلاس منگل کو چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن کی صدارت میں منعقد ہوا ، جس میں محکمہ صحت کے 14 کرپشن کیسز کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کے 26 افسروں اور اہلکاروں کی گرفتاری کی بھی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں چیئرمین انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سید ممتا زعلی شاہ ، سیکرٹری محکمہ صحت سعید احمد منگنیجو ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سندھ نذر محمد بوزدار اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے 14 کرپشن کے مقدمات کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان مقدمات میں حکومت سندھ کو کرپشن کی وجہ سے 13 کروڑ 14 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ۔ اینٹی کرپشن کمیٹی نمبر 1 نے 5 مقدمات میں کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر کیس درج کرنے اور 26 افسروں اور اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جبکہ 9 مقدمات میں اوپن انکوائریز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔