ضمنی بلدیاتی الیکشن،کراچی میں ایم کیو ایم اور اندرون سندھ میں پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا

December 31, 2015 3:18 pm0 commentsViews: 25

حیدرآباد، نوابشاہ اور ٹنڈوالہیار سمیت زیریں سندھ میں پی پی کے امیدوار کامیاب، کراچی کی واحد نشست متحدہ نے جیت لی
ضلع شرقی کی یونین کمیٹی 13میں ایم کیو ایم کے شمیم خان اور جمیل احمد نے چیئرمین اور وائس چیئرمین پینل پر 10ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے
کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ، لاہور( اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) اندرون سندھ ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی جبکہ کراچی کی واحد نشست پر الیکشن میں ایم کیو ایم نے بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضلع شرقی کی یونین کمیٹی 13 میں بدھ کو چیئر مین کی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ایم کیو ایم نے جیت لیا، غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے شمیم خان اور جمیل احمد نے چیئر مین وائس چیئر مین پینل پر10 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ جماعت اسلامی کے عبدالحق عثمانی اور محمد کاشف نے 201 ووٹ حاصل کئے، اس انتخابات کے بعد ضلع شرقی میں چیئر مین وائس چیئر مین پینل پر ایم کیو ایم کی 20 نشستیں، پیپلز پارٹی 4، مسلم لیگ ن ایک، تحریک انصاف2، جماعت اسلامی 2 اور آزاد نو منتخب 2ہوگئے ہیں۔ حیدر آباد، نواب شاہ اور ٹنڈو محمد الٰہ یار سمیت زیریں سندھ کے دیگر اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے رہے۔