نئے سال کے آغاز پر کراچی فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا،40زخمی

January 1, 2016 1:55 pm0 commentsViews: 30

رات 12بجتے ہی ہوائی فائرنگ شروع، فائیو اسٹار چورنگی ،سی ویو، پورٹ گرینڈ پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ، نوجوانوں کا بغیر سائلنسر موٹر سائیکلوں پر کرتب
منچلوں نے نئے سال کے آغاز کی خوشی میں سڑکوں پر رقص کیا،بدترین ٹریفک جام، سیکورٹی خدشات کے باعث سی ویو جانے والے راستے کنٹینروں اور ٹینکروں سے بند کردیئے گئے، پولیس اور نوجوانوں میں آنکھ مچولی جاری رہی
کراچی( کرائم ڈیسک) نئے سال کے آغاز پر کراچی میں پولیس کے تمام دعوئوں اور اقدامات کے برعکس مختلف علاقوں میں رات 12 بجتے ہی ہوائی فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھے ، اندھی گولی لگنے سے19 افراد زخمی ہوگئے۔ فائیو اسٹار چورنگی، پورٹ گرینڈ سمیت مختلف مقامات پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ منچلوں نے پولیس کے تمام دعوئوں کو ہوا میں اڑا کر دل کھول کر موج مستی کی۔ مختلف سڑکوں پر رش کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا سڑکوں پر گاڑیاں روک کر تیز موسیقی پر رقص اور نئے سال کی آمد کا انتہائی والہانہ استقبال کیا گیا۔ شہریوں نے جدید ہتھیاروں کے ساتھ چھوٹے ہتھیاروں سے ہوا میں ہزاروں گولیاں چلا کر نئے سال کی آمد کا جشن منایا، فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد، پورٹ گرینڈ بحریہ ٹائون سمیت دیگر مقامات پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ جبکہ تمام اہم شاہراہوں چورنگیوں اور فوڈ اسٹریٹ پر موجود سائونڈ سسٹم کی تیز موسیقی پر دل کھول کر رقص کیا گیا جبکہ پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی شکل میں بنا سائنلسر والی موٹر سائیکل پر کرتب دکھانے کے ساتھ ریس لگاتے نظر آئے۔ پولیس حکام نے سیکورٹی خدشات اور دیگر غیر اخلاقی حرکتوں کی روک تھام کیلئے امسال بھی ساحل سمندر پر جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام سڑکوں کو کنٹنر، واٹر ٹینکر سمیت دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا تاہم سینکڑوں کی تعداد میں منچلے نوجوان ساحل سمندر تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور ٹھنڈی ہوا کا لطف اٹھاتے ہوئے خوب تفریح کی۔ دوسری جانب سڑکوں پر موج مستی ہلڑ بازی اور آتش بازی کے مظاہروں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ اور مختلف سڑکوں پر رات گئے تک ٹریفک جام نظر آیا۔