بابا لاڈلہ اور عزیر بلوچ گروپ کو اسلحہ فراہم کرنیوالا ملزم پکڑا گیا ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

January 1, 2016 2:00 pm0 commentsViews: 24

عدالت نے ملزم ایاز عرف بے بی کو 90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے کردیا
کراچی( کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بابا لاڈلہ اور عذیر جان بلوچ گروپ کو اسلحہ فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے30 دسمبر کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ایاز عرف بے بی عبدالقیوم کو گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جس پر عدالت نے ملزم کو 90روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ ملزم لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ اور عذیر گروپ کو اسلحہ فراہم کرتا تھا اور ان گروپوں کے اسلحہ کی ریپیئرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا اسلحہ ڈمپ کرتا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔

شہریوں کو ہراساں کرکے رقم بٹورنے والا پولیس اہلکار گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے خلد آباد چوکی کی قائد آباد میں کارروائی‘ پولیس اہلکار گرفتار‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح خلد آباد پولیس چوکی نے قائد آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار سرور سولنگی کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ ملزم پر اپنے فرائض میں غفلت برتنے اور عام شہریوں کو ہراساں کرکے ان سے رقم بٹورنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے‘ پولیس ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

سال نو کا پہلا مقدمہ درج مقابلے میں ملزم گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے زخمی‘ حالت میں ملزم فیاض کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چار موبائل فونز برآمد کرلئے‘ جبکہ ملزم کے2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے‘ ملزم کیخلاف سال نو کا پہلا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

کوسٹ گارڈ اہلکار کی بہادری، ڈکیت کو اسلحہ سمیت دبوچ لیا
ایم اے جناح روڈ پر 2ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں کو یرغمال بنا کرلوٹ مار کررہے تھے
اہلکار نے ایک کو پکڑا تو دوسرا فائرنگ کرتے ہوئے فرار ،گرفتار عرفان انور رینجرز کے حوالے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈ اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوران ڈکیتی ملزم کو پکڑ کر اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے شعبہ تعلقات عامہ کے قائم مقام انچارج میجر محمد کفیل زبیری نے بتایا کہ نبی بخش تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ پر گزشتہ روز دو ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں کو یرغمال بنا کرڈکیتی میں مصروف تھے۔ پاکستان کوسٹ گارڈ کی خفیہ ایجنسی کے اہلکارنے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوران ڈکیتی ملزم کو اسلحہ سمیت دبوچ لیا۔ تاہم ملزم کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزم عرفان انور ولد انور مسیح کو تفتیش کے لیے رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے، ابتدائی طور پر ملزم کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فون، نقدی اورت قیمتی سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ اس قبل بھی دو بار جیل جا چکا ہے ۔2011میں زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے گرفتار ہوا تھا۔ ملزم کورنگی کے علاقے ناصر کالونی کرسچین ٹاؤن کا رہائشی ہے۔ ملزم کے گروہ کی دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

کینٹ اسٹیشن سے انسانی اسمگلر گرفتار،2پاسپورٹ برآمد
غلام فرید نامی ملزم لوگوں کو بیرون ملک روزگار دلانے کا لالچ دیکر لاکھوں روپے اینٹھ رہا تھا
شہریوں کی شکایت پر ایف آئی اے نے ہوٹل میں چھاپہ مار کر دھرلیا، مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے کینٹ اسٹیشن کے قریب ہوٹل سے ایک جعلی امیگریشن ایجنٹ کو گرفتار کرلیا‘ جس پر شہریوں کو بیرون ملک روزگار لالچ دے کر لاکھوں روپے ہتھیار کا الزام ہے‘ ملزم سے ایک درجن پاسپورٹ بھی برآمد کرلئے گئے‘ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی امیگریشن ونگ نے اسٹیشن کے قریب ہوٹل سے غلام فرید نامی ملزم کو گرفتار کرلیا‘ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے2درجن سے زائد شہریوں کو دبئی اور سعودی عرب میں ملازمتیں فراہم کرنے کا لالچ دے کر فی شہری ڈھائی لاکھ روپے وصول کئے‘ ایف آئی اے کے مطابق کسی بھی شہری کو ویزہ فراہم نہیں کیا گیا‘ جس کے بعد متاثرہ افراد کی جانب سے ایف آئی اے میں شکایات موصول ہوئیں‘ جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا‘ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ی کے وقت ملزم سے ایک درجن کے قریب پاسپورٹ برآمد کرلئے گئے‘ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

اورنگی ٹاؤن رینجرز کی کارروائی 3دہشت گرد گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ترجمان رینجرزکے مطابق گرفتار دہشت گرد متعدد دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔