آج صبح پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئربیس پر دہشت گرد حملہ دو فوجی ہلاک4حملہ آور مارے گئے

January 2, 2016 4:47 pm0 commentsViews: 24

پاکستانی سرحد سے متصل پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ساڑھے تین بجے حملہ کیا گیا، دہشت گرد فوجی وردیاں پہنے ہوئے تھے، بھارتی میڈیا
دہشت گرد گورداسپور سے چھینی ہوئی ایس پی کی گاڑی میں سوار تھے، ایئربیس میں داخل ہوتے ہی گیٹ پر تعینات دو فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا،دہشت گردوں نے اب بھی ایئربیس میں پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں
بھارتی فوج کے دستے واقعہ کے بعد ایئربیس پہنچ گئے اور تمام علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فوجی ہیلی کاپٹروںاور طیاروں کے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے، حملہ آور پاکستانی ہیں، بھارتی میڈیا کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح ساڑھے تین بجے بھارتی پنجاب کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا‘ نجی ٹی وی چینلز کے مطابق 6سے7 دہشت گرد فوجی وردی میں ملبوس تھے‘ اور گورداسپور سے چھینی گئی ایس پی کی گاڑی میں سوار تھے‘ دہشت گردوں نے داخل ہوتے ہی گیٹ پر تعینات 2 فوجیوں کو ہلاک کردیا‘ جبکہ جوابی کارروائی میں4حملہ آور بھی مارے گئے‘ اس دوران6فوجی زخمی ہوئے‘ بھارتی میڈیا نے الزام لگایا کہ دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے ہے‘ واضح رہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے‘ نجی ٹی وی چینلز کے مطابق رات کے اندھیرے میں فوجی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے اہم مقاما ت پر پوزیشن سنبھال رکھی ہے‘ حملے کی اطلاع ملنے کے بعد بھارتی فوج کے دستے ایئر بیس پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فوجی ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کے ذریعے ایئر بیس کی نگرانی شروع کردی گئی۔ نئی دہلی میں ایئرسیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور فوجی دستے تعینات کردیئے گئے‘ پٹھان کوٹ میں جدید طیارے اور ہیلی کاپٹر موجود ہیں تاہم کسی طیارے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی‘ بھارتی وزارت ددفاع کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 6سے7 ہے اور وہ جدید اسلحہ سے لیس ہیں‘ بھارتی صدر اور وزیراعظم کو ایئر بیس پر حملے کی فوری اطلاع دے دی ہے‘ انہوں نے حملے پر تشویش ظاہر کی ہے‘ ایئر بیس پر مگ 29 اور اٹیک ہیلی کاپٹر موجودہیں‘ بھارتی میڈیا اور ٹی وی چینلز مسلسل پاکستان کیخلاف بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ حملہ آور پاکستانی ہیں اور پاکستان سے پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل ہوئے ہیں‘ دوسری جانب پاکستانی حکام نے ایئر بیس پر حملے کی مذمت کی ہے۔