مخبری کا شبہ‘ لیاری میں دکاندار قتل لواحقین کا احتجاج

January 2, 2016 5:03 pm0 commentsViews: 33

مقتول اپنے جنرل اسٹور پر بیٹھا تھا موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا
جہانزیب کلاکوٹ کا رہائشی تھا‘قتل میں گینگ وار کارندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) لیاری میں دہشت گردوں نے مخبری کے شبہ میں دکاندار کو قتل کر دیا۔ مقتول کے لواحقین نے لاش کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہائوس جانے کی کوشش کی، پولیس نے راستے بند کر دئیے جس کے باعث ٹریفک کی صورتحال متاثر ہوئی۔ کلا کوٹ کے علاقے مولوی عمر روڈ اسلامیہ مسجد کے پاس واقع جنرل اسٹور پر موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کی تر تراہٹ سے بھگدڑ مچ گئی، فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار 28 سالہ جہانزیب ولد گل زمان موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او ایاز خان کا کہنا ہے کہ مقتول جنرل اسٹور پر بیٹھا تھا کہ پہلے سے گھات لگائے موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں نے موقع دیکھ کر فائرنگ کر دی، مقتول مولوی عمر روڈ کا رہائشی تھا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ گینگ وار کے دہشت گردوں نے مخبری کے شبہ میں فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کیا ہے۔ واقعے کے بعد ورثاء لاش لے کر وزیر اعلیٰ ہائوس کی طرف جانے لگے، اس اطلاع پر پولیس نے شاہین کمپلیکس کے پاس سے وزیر اعلیٰ ہائوس جانے والے روڈ کو بلاک کر دیا۔ پولیس افسران نے وہاں پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد انہیں منتشر کر دیا۔