ڈاکس ،مچھر کالونی، ڈیفنس، مقابلوں میں 5گینگ وار کارندے ہلاک

January 2, 2016 5:10 pm0 commentsViews: 26

مشرف کالونی میں سپارکوروڈگودام ایریا میں دو ملزمان مارے گئے ،دو کو ڈاکس کے علاقے میں مقابلے میں ہلاک کیا گیا
ڈیفنس جامی کمرشل ایریا میں راہگیر سے رقم لوٹ کر فرار ہونے والا ڈاکو مقابلے میں مارا گیا، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا
کراچی( کرائم رپورٹر) سائوتھ زون کے تین تھانوں ڈاکس، مچھر کالونی اور ڈیفنس میں سال نو کے پہلے تین پولیس مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار عذیر بلوچ اور شیراز کامریڈ گروپ سے تعلق رکھنے والے5 خطرناک کارندے مارے گئے قبضے سے اسلحہ موبائل فون اور موٹر سائیکل بر آمد کرلی گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں12 افراد کا قاتل بھی شامل ہے۔ ہلاک ملزمان بھتہ خوری، گرنیڈ حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی سٹی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکس اور موچکو کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ایس ایچ او موچکو فیصل شیخ کے مطابق مشرف کالونی سپارکو روڈ گودام ایریا میں آپریشن کے دوران پولیس پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں دو ملزمان زخمی ہوئے جو اسپتال پہنچنے سے قبل راستے میں دم توڑ گئے۔ جن کی شناخت23سالہ جہانگیر بلوچ اور24 سالہ ممدوز بلوچ عرف جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرا مقابلہ آپریشن کے دوران ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی بنگالی پاڑہ میں ہوا ایس ایچ او ڈاکس تنویر حسین کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان مارے گئے جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ ایس ایس پی فدا حسین کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا جو پولیس کو 2درجن سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، گرنیڈ حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ علاوہ ازیں گذری کے علاقے ڈیفنس جامی کمرشل فیز7 میں دو ملزمان نے اسلحے کے زور پر ایک شخص احسن اسلم سے نقدی اور موبائل فون چھین لی اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے اپنے ساتھ لے کر فرار ہونے والے راستے پر ملزموں کا تعاقب کیا اور تھوڑی ہی فاصلے پر پولیس اور ملزموں کا ٹکرائو ہوا اور ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی کو پولیس نے گرفتار کرکے دونوں ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، نقدی اور اسلحہ موٹر سائیکل بر آمد کر لی۔ ہلاک ملزم کی شناخت ذکریا بلوچ ولد یحییٰ اور گرفتار ساتھی کی شناخت غلام آزاد کے نام سے ہوئی جو لیاری آٹھ چوک کے رہائشی اور گینگ وار گروپ کے کارندے ہیں۔