ٹیکس ایمنسٹی اسکیم چوروں کو بچانے کیلئے ہے، کھل کر مخالفت کرینگے ،عمران خان

January 2, 2016 5:13 pm0 commentsViews: 16

اسکیم کا اعلان ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں کو پھنسانے اوراشرافیہ کا کالا دھن سفید کرانے کے لئے کیا گیا ہے
موجودہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن نہیں کراسکتا، تحریک انصاف کے سربراہ کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم چوروں کو بچانے کیلئے ہے جس کی کھل کر مخالفت کریں گے۔ حکومت کالا باغ ڈیم کی طرح اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازع بنا رہی ہے۔ شوکت خانم اسپتال میں سب کا علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اور شیخ رشید احمد بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کیلئے ڈھائی سال تک جدوجہد کی ہے۔ موجودہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن نہیں کرا سکتا جسٹس کیانی ن لیگ کا نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال میں انسانوں کا علاج ہوتا ہے۔ اسپتال میں مسلمان، ہندو، کرسچن سب کا علاج کیا جاتا ہے۔ طالبان رہنما کے بارے میں میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو ٹیکس چوروں کو بچانے کا ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکیم کا اعلان ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں کو پھنسانے اور چوروں کیلئے کیا گیا، اشرافیہ کالا دھن سفید کرنے کیلئے اپنے لئے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتی ہے ہم اس کی مخالفت کرینگے۔