حکمران کرپٹ افراد کے محافظ بنے ہوئے ہیں‘ عمران خان

January 4, 2016 1:23 pm0 commentsViews: 16

پی پی ‘ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن نے لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے یونین بنارکھی ہے
کسی صورت ملک میں ون مین شو نہیں چلانے دیں گے‘ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران کرپشن اور لوٹ مار ختم کرنے کی بجائے کرپٹ افراد کے محافظ بنے ہوئے ہیں‘ حکمرانوں کو کسی صورت ملک میں ’’ ون مین شو ‘‘ نہیں چلانے دیں گے حکمران ضد اور ہٹ دھرمی کے ذریعے کالا باغ ڈیم کی طرح اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی متنازعہ بنارہے ہیں‘ خیبر پختونخوا کی تمام جماعتیں اقتصادی راہداری کیخلاف ہیں‘ آئندہ دو تین ماہ تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات ہوجائیں گے جس سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی‘ اپنے ایک انٹرویو کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ملک میں پیپلز پارٹی‘ (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمن جیسے لوگوں نے کرپشن اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے یونین بنا رکھی ہے‘ مگر تحریک انصاف ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف پہلے دن سے جنگ لڑرہی ہے۔