نجی چینل کے 3 ملازمین کو قتل کرنیوالے 2 دہشتگرد گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

January 6, 2016 5:31 pm0 commentsViews: 24

دونوں ٹارگٹ کلرز کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جنہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کرلیا
ملزمان نے مخالف فرقے کے لوگوں کو بھی قتل کیا‘ عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث‘ ڈی آئی جی فیروز شاہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ٹریفک پولیس اور نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین پر حملہ کر کے 3ملازمین کو قتل کرنے والے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کے لیے فرقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری پر آجی سندھ نے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی، انہوں نے بتایا کہ رضویہ تھانے کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر اونگی ٹاؤن میںکارروائی کر کے ٹارگٹ کلر ندیم عرف نوید ولد وزیرالدین اور ثاقب احمد عرف چچی ولد اصغر احمد پاشا کو گرفتار کر لیا، ملزم ندیم عرف نوید نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 18 جنوری 2014 کوایکسپریس نیوز چینل کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کر کے ایکسپریس نیوز کے 3 ملازمین وقاص، اشرف اور خالد کو قتل کیا تھا۔ جبکہ 2013 میں اونگی ٹاؤن اسلام چوک پر اہل تشیع 2 باپ بیٹوں، 2014 میں بنارس پل پر ٹریفک پولیس اہلکار، مئی 2015 میں اونگی ٹاؤن میں چائے کے کیبن پر فائرنگ کر کے اہل تشیع غنی ماما جبکہ اسی سال اونگی ساڑھے 11 میں انور،جبکہ چینگچی رکشہ ڈرائیور، گولی مار چورنگی پر 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں، نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب 2 پولیس اہلکاروں، 2014 میں اورنگی ٹاؤن ایرانی محلہ میں ایک پولیس اہلکار اور 2015 میں نارتھ ناظم آباد الحبیب بینک کے پاس 2 پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد کو قتل کیا ہے ۔

پولیس کی جیکسن کے علاقے میں
کارروائی ،اسٹریٹ کرائمز
میں ملوث 2ملزمان گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے جیکسن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس کے مطابق جیکسن کے علاقے سے 2ملزمان عبدالرحیم اور رمضان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیے گئے ۔

آج صبح یو پی موڑ پر 2 ڈاکوئوں کو شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا
مشتعل افراد کے تشدد کے دوران ایک ڈاکو فرار اور دوسرا پولیس کے حوالے‘ چھینا ہوا سامان برآمد
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح یو پی موڑ پر لوٹ مار کے دوران 2 ڈاکوئوں کو شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ مشتعل افراد نے دونوں ڈاکوئوں پر تشدد کیا۔ اس دوران ایک ڈاکو فرار اور دوسرا پولیس کے حوالے کر دیا گیا پولیس نے ڈاکو سے چھینا ہوا سامان اور اسلحہ بر آمد کرلیا۔ ڈاکو صبح سویرے گاڑیوں میں سوار افراد سے لوٹ رہے تھے۔ چند لوگوں نے ہمت دکھائی اور دونوں ڈاکوئوں کو دبوچ لیا۔ پھر مشتعل افراد نے ڈاکوئوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ایک ڈاکو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔ جبکہ دوسرے ڈاکو کو لوگوں نے پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس کے مطابق ڈاکو سے چھینا ہوا سامان بر آمد ہوا ہے۔ دوسرے ڈاکو کی تلاش جاری ہے۔