آرٹس کونسل کی کارکردگی کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا،گورنر سندھ

January 6, 2016 5:41 pm0 commentsViews: 24

اردو کانفرنس کی بدولت پاکستان کا امیج دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے، تیرہ سال سے آرٹس کونسل کے ساتھ جڑا رہا ہوں
آرٹس کونسل میں جیتنے اور ہارنے والے مل کر ادارے کی بہتری کے لئے کام کریں، تقریب حلف برداری سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کی سرگرمیاں معیشت کی بہتری کی علامات ہیں کراچی کاامن علاقائی خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ اردو کانفرنس کی بدولت پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر ہواہے جس کیلئے آرٹس کونسل کی کابینہ کی کارکردگی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔گزشتہ تیرہ سال سے میں بھی اس کا حصہ ہوں اچھے اور برے حالات میں ،میںنے آرٹس کونسل کی بہتری کیلئے بھر پور کوشش کی ۔ادب وثقافتی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے آرٹس کونسل کی سالانہ گرانٹ 2کروڑ 80لاکھ سے بڑھا کر 4کروڑ کرنے کا اعلان کرتا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے چیئرمین کمشنر کراچی شعیب صدیقی،نومنتخب صدر پروفیسر اعجازاحمد فاروقی،سیکریٹری ڈاکٹر ہمامیر اور سابق سیکریٹری محمد احمد شاہ نے بھی اظہار خیال کیا۔گورنرسند ھ نے مزید کہا کہ نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے اپنے صوابدید ی فنڈ سے 12 کروڑ روپے دیئے تھے یہ بلڈنگ بہت جلد تکمیل کے مراحل طے کررہی ہے اب مزید نئی بلڈنگ کیلئے 15کروڑ روپے دیئے جائیں گے ۔یہ ایک شفاف انتخابات ہوئے ہیں جس سے جمہوری روایت مضبوط ہوئی ہے ۔انتخابات میں رنگ و نور کا میلہ لگتاہے جیتنے ہارنے والے مل کر ادارے کی بہتری کیلئے کام کریں ۔ گورنر سندھ نے محمد احمد شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کوئی نئی اہم ذمے داری سوپنے کی خواہش کا اظہار کیا اگر اس کیلئے آئین میں ترامیم ہو تو متفقہ آراء سے کر لی جائے ۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال سے ہونے والے انتخابات شفاف ہیں جس کیلئے میں ہر فورم پر آواز اٹھانے کیلئے تیار ہوں ۔محمد احمد شاہ نے کہا کہ بارہ سال سے گورنر سندھ نے آرٹس کونسل کو بے انتہا سپورٹ کیا ۔پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے کہا کہ احمد شاہ نے عروج کے زمانے میں اپنے آپ کو الیکشن سے الگ کرلیا مگر ہماری رہنمائی جاری رکھی ۔ ڈاکٹر ہمامیر نے شرکا ء کی آمد اور گورنر سندھ کے گرانٹ بڑھانے کے اعلان پر اظہار تشکر کے کلمات اداکئے ۔ گورنر سندھ نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیاجس میں صدر اعجاز احمد فاروقی ،نائب صدر پروفیسر سحر انصاری ،سیکریٹری ڈاکٹر ہمامیر ،جوائنٹ سیکریٹری اطہر وقار عظیم ،خازن شہناز صدیقی ،گورننگ باڈی کے ممبران طلعت حسین ،حسینہ معین ،منور سعید ،قدسیہ اکبر ،اقبال لطیف ،سعادت علی جعفری ،ڈاکٹر قیصر سجاد، کاشف گرامی ،ساجد حسین ،سہیل احمد اور شیخ راشد عالم شامل تھے۔ آخر میں مہمانوں کو پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔