بلٹ پروف گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹنے پر وزیراعلیٰ سندھ برہم

January 7, 2016 4:24 pm0 commentsViews: 21

انتظامیہ کو تحقیقات کا حکم ،6ماہ قبل 3کروڑ کے حساب سے وزیراعلیٰ سندھ کیلئے 2اورچیف سیکریٹری سندھ کیلئے ایک گاڑی خریدی گئی تھی
بلٹ پروف گاڑیوں کے معیار سے متعلق سوالیہ نشان ،ڈی آئی جی ،ٹی اینڈ ٹی کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی کو تحقیقات کا حکم دیا گیا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ کی بلٹ پروف گاڑی کی ونڈ اسکرین پر پتھر لگنے سے اسکریچ پڑنے کے واقعے سے صوبائی حکام تشویش کا شکار ہوگئے ہیں‘ پولیس اور اعلیٰ حکام کی سیکورٹی کیلئے کروڑوں کی لاگت سے بلٹ پروف کرائی گئی گاڑیوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے نوٹس لئے جانے کے بعد پہلے مرحلے میں13 کروڑ روپے سے خریدی گئی‘ وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ کی تینوں گاڑیوں کا از سر نو جائزہ لینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں‘متعلقہ کمپنی نے چھوٹا سا پتھر لگنے سے ونڈ اسکرین متاثر ہونے کی بات کو مسترد کردیا ہے‘حکومت سندھ نے6 ماہ قبل 3کروڑ کے حسابات سے وزیراعلیٰ کیلئے2جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کیلئے ایک بلٹ پروف گاڑی خریدی تھی‘ ان گاڑیوں کو پاک آرمرنامی کمپنی سے فی گاڑی ڈیڑھ کروڑ کے حساب سے بلٹ پروف بنوایا گیا ‘ اس طرح حکومت کو فی گاڑی ساڑھے4کروڑ روپے میں پڑی ہے‘ ان گاڑیوں میں سے وزیراعلیٰ سندھ کے زیر استعمال ایک لینڈ کروزرکی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی ‘ صوبائی حکام کو گاڑی کے ڈرائیور نے بتایا کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل گاڑی کو اندرون سندھ پتھر لگا تھا جس سے ونڈ اسکرین متاثر ہوئی ہے‘ فی گاڑی بلٹ پروف کرانے پر ڈیڑھ کروڑ کے اضافی خرچ کے باوجود ونڈ اسکرین متاثر ہونے کے معاملے کا وزیراعلیٰ سندھ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سندھ انتظامیہ کو فوری تحقیقات کرکے رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔