جرائم کی روک تھام‘ خطرناک ہائی پروفائل ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرانے کا فیصلہ

January 7, 2016 4:58 pm0 commentsViews: 21

دہشتگردی اور سنگین مقدمات میں ملوث‘ ملزمان کی دوبارہ گرفتاری کیلئے سندھ پولیس اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کریگی
انویسٹی گیشن کے جملہ امور جدید خطوط پر استوار کئے جائیں‘ پولیسنگ پلان 2016 پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے‘ آئی جی سندھ
کراچی( کرائم رپورٹر) دہشت گردی و ہائی پروفائل کیسوں میں ضمانت پر رہا ملزمان کی ضمانت منسوخ کئے جانے کے حوالے سے سندھ پولیس کا عدالتوں میں جائزہ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ، ترجمان سندھ پولیس نے دفتر سے جاری ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ دہشت گردی و دیگر سنگین جرائم سمیت ہائی پروفائل کیسوں میں ملوث گرفتاری اور بعد ازاں ضمانتوں پر رہائی پانے والے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کئے جانے کے حوالے سے محکمہ پولیس سندھ نے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، زونل ڈی آئی جیز اور اے آئی جی آپریشنز سندھ نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات سمیت سزائوں کی شرح تناسب کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ تفتیشی عمل میں اصلاحات لاتے ہوئے انویسٹی گیشن کے جملہ امور و پہلوئوں کو ماڈرن خطوط تکنیک کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے اس موقع پر پولیسنگ پلان 2016کے حوالے سے مختلف سفارشات ، تجاویز کی تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ سال 2016ء کیلئے تمام تر موازنوں، اقدامات ، حکمت عملی اور لائحہ عمل کو پیش نظر رکھ کر جامع پولیسنگ پلان کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے۔