نثار کھوڑو کے عملے نے اپنے وزیر کی نئی اسٹیمپ ہی نہیں بنوائی

January 7, 2016 5:01 pm0 commentsViews: 20

سینئر وزیر تعلیم کے پرانے قلمدان اطلاعات اور آپباشی کے محکمے کی اسٹیمپ سے کام چلایا جارہا ہے
اچانک اور غیر متوقع تبدیلیوں کے باعث عملے نے اپنے وزیر کی اسٹیمپ ہی بنوانا ترک کردی ہے
کراچی( یو پی پی) سندھ میں وزراء کے قلمدانوں میں اچانک اور غیر متوقع تبدیلیوں کے باعث سندھ کے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کے عملے نے اپنے وزیر کی نئی اسٹیمپ ہی بنوانا ہی ترک کر دی ہے اور اب تک اسی محکمے کے اسٹیمپ سے کام چلا رہا ہے جو محکمہ اس وقت نثار کھوڑو کے پاس رہا ہی نہیں۔ یہ دلچسپ بات بدھ کو اس وقت سامنے آئی جب ایک شہری سرکاری اسکول کی خراب صورتحال سے متعلق ایک شکایت وزیر تعلیم کے دفتر میں جمع کرانے کیلئے پہنچا۔ صوبائی وزیر کے عملے نے ان کی شکایت وصول کی لیکن اس پر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و آبپاشی کی اسٹیمپ لگا دی۔ مذکورہ شخص نے جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ نثار کھوڑو اس وقت وزیر تعلیم ہیں اور ان کی شکایت بھی محکمہ تعلیم سے متعلق ہے تو شکایت موصول کرنے والے شخص نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ بات تو انہیں بھی معلوم ہے لیکن اس کے پاس اب تک وہ ہی اسٹیمپ موجود ہے، جب نثار کھوڑو کے پاس اطلاعات اور آبپاشی کے قلمدان ہوتے تھے ہم نے اب تک نئی اسٹیمپ نہیں بنوائی کیونکہ پتہ نہیں یہ محکمہ کب تک نثار کھوڑو کے پاس ہو۔