منی لانڈرنگ انکوائری مکمل‘ اسحق ڈار کو کلین چٹ ملنے کا امکان

January 7, 2016 5:02 pm0 commentsViews: 25

ڈی جی نیب پنجاب نے تحقیقاتی آفیسر کی انکوائری رپورٹ ہیڈ کوارٹر پہنچا دی
کابینہ کے اہم ترین وزیر کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں کیا جائیگا
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے وزیر داخلہ اسحاق ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ کی انکوائری مکمل کر لی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں وزیر خزانہ کو کلین چٹ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب پنجاب نے تحقیقاتی آفیسر کی انکوائری رپورٹ نیب ہیڈ کوارٹر پہنچا دی ہے۔ منی لانڈرنگ میں کابینہ کے اہم ترین وزیر کے خلاف ریفرنس فائل ہوگا یا کلین چٹ ملے گی فیصلہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف برادران کے خلاف رائیونڈ، جاتی عمرہ روڈ تعمیر کے معاملے کی انکوائری بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

کالعدم تنظیموں کی فنڈنگ کی مانیٹرنگ کررہے ہیں‘ اسحق ڈار
ہنڈی کے ذریعے لانڈرنگ کے 49 مقدمات ایف آئی اے کے حوالے کردیئے ہیں
دہشتگردوں کو مالی معاونت روکنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو تربیت جاری ہے
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) جنوری تا اکتوبر 2015ء کے دوران فنانس ڈویژن کی جانب سے منی لانڈرنگ اور رقم کی غیر قانونی منتقلی کے49 کیسز ایف آئی اے کو بھیجے گئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو روکنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔ کمیٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بتایا کہ کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ہدایت کے مطابق بینکوں کیلئے کالعدم تنظیموں کی خدمات فراہم کرنا ممنوع ہیں میڈیا رپورٹوں کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کی جا رہی ہے۔ ہنڈی کی روک تھام کیلئے جنوری تا اکتوبر2015ء تک 49 کیسز ایف آئی اے کو بھجوائے گئے۔