تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے میں ایرانی حکام کا ہاتھ ہے، امریکی رپورٹ

January 7, 2016 5:03 pm0 commentsViews: 29

مظاہرین کو عمارت کو آگ لگانے اور توڑپھوڑ کا موقع دیا گیا، پولیس تماشائی بنی تھی
واشنگٹن( یو پی پی) امریکی ادارے اسٹریٹفور سینٹر فار اسٹیڈیز کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تہران میں سعودی سفارت خانے پر ایرانیوں کے دھاوے کیلئے خود ایرانی حکام نے حالات بنائے۔ رپورٹ کے مطابق احتجاج کرنے والے افراد نے سعودی سفارت خانے کے دفاتر میں داخل ہو کر لوٹ مار کی اور پھر اس کی عمارت میں آگ لگا دی۔ اس تمام کارروائی کے بعد کہیں جا کر ایرانی پولیس حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے صرف40 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام تہران میں سعودی سفارت خانے کی حفاظت کی ذمہ داری سے پیچھے ہٹ گئے اور احتجاج کرنے والوں کا غیض و غضب انتہا پر پہنچنے کے بعد ہی پھر مداخلت کی۔