کوٹری سے کالعدم تنظیم کا ایک دہشتگرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

January 7, 2016 5:16 pm0 commentsViews: 18

سائٹ ایریا کوٹری سے حراست میں لیا گیا مہربان بیت اللہ محسود کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے
ملزم قتل‘ ڈکیتی اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا‘ مزید تفتیش جاری
حیدرآباد(نیوز ڈیسک)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوٹری میں کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔سی ٹی ڈی پولیس کراچی کے ایس ایس پی عامر فاروقی نے رینجرز کے کمانڈر کرنل حسن کے ہمراہ سی آئی ڈی حیدرآباد کے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سائٹ ایریا کوٹری میں حساس اداروں کی مدد سے کاروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت بیت اللہ محسود کے قریبی ساتھی مہربان ولد بادشاہ دین کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ مہربان ولد بادشاہ دین کو کراچی میں گرفتار کئے گئے کالعدم تحریک سے تعلق رکھنے والے5 دہشت گردوں کی نشاندہی کے بعد گرفتار کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد پریڈی تھانہ کراچی کی حدود میں ہونے والی ایک بڑی ڈکیتی میں بھی ملوث ہے جس میں انہوں نے 15 کروڑ روپے لوٹے تھے اور یہ رقم بیت اللہ محسود کو بھجوائی گئی تھی، انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم قتل ڈکیتی اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں میں مطوب تھا اس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

رینجرز کارروائیاں3 دہشت گرد گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) رینجرز نے کارروائیوں کے دوران 3دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق رینجرز نے ایف سی ایریا ،فقیر کالونی اور نارتھ کراچی میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے،ملزمان کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔

کسٹم ان ایکشن،17کروڑ کا اسمگل شدہ سامان ضبط، 15اسمگلر گرفتار
پکڑے جانیوالے سامان میں الیکٹرانکس اشیاء، ٹائرز، پلاسٹک دانہ، ،ڈیزل، کپڑا اور گاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہے
6ماہ کے دوران کارروائیوں کے دوران141 مقدمات درج کرکے چالان کسٹم کورٹ بھیج دیئے، آصف مرغوب
کراچی(نیوز ڈیسک) ڈائریکٹریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹیگیشن اینٹی اسمگلنگ کراچی نے مالی سال 2015-16 کے پہلے 6 ماہ کے دوران جولائی تا دسمبرایک ارب سترا کروڑسے زائد مالیت کی اشیاء ضبط کر کے 141 کیسزبنائے اور اسمگلنگ میں ملوث 15افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی اسمگلنگ کا یہ آپریشن کسٹم انٹیلی جنس کی مختلف ٹیموں نے کراچی، حیدرآباداور سکھر کے مختلف علاقوں میں کیا۔ پکڑے جانے والے سامان میں بھاری مقدار میںالیکڑونکس اشیاء اور آلات، ٹائرز، پلاسٹک دانہ، ڈیزل، کپڑا، مضرصحت گٹکا، چائے، سگریٹ اور گاڑیوں کی بڑی تعداد بشمول 27 پرائم موورز بھی شامل ہے۔ اس دوران 2 ہزار ایک سو سے زائد ٹائرز، 1لاکھ51ہزار کلوگرام پلاسٹک دانہ اور 2 لاکھ40 ہزار سے زائد ڈیزل اور پٹرول قبضہ میں لے لیاگیا اسکے علاوہ 70 سے زائد گاڑیاں، ٹرک اور پرائم موورز بھی ضبط کئے گئے۔ اسمگلنگ میں ملوث15 افراد کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کیاگیا اور کسٹم کورٹ میں چالان پیش کئے گئے۔ کیسوں کی رپورٹ متعلقہ کسٹم فورم پر بھیجوادی گئی ہے ۔ رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمد آصف مرغوب صدیقی نے بنائے جانے والے کیسوں کی تصدیق کرتے ہوے بتایا کہ یہ آپریشن FBR کی تشکیل شدہ اینٹی اسمگلنگ کی اسٹرٹیجی اور ڈائریکٹرجنرل کسٹم انٹیلی جنس امتیاز احمدخان کی ہدایت کی روشنی میں کیاگیا۔

شوہرکو قتل کرنیوالی بیوی 2 ملزمان سمیت گرفتار
عائشہ عرفان کی تیسری بیوی ہے جو خلع لینا چاہ رہی تھی‘ دونوں کے درمیان جھگڑے معمول تھے
ملزم عمان محمود نے قتل کرنے کیلئے عائشہ سے 20 ہزار روپے وصول کئے‘ ایس ایچ او ڈیفنس
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے پولیس افسر کے بھائی کے قتل میں اہلیہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ،مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے ،ملزمہ نے شوہر کو قتل کروانے کیلئے بیس ہزار روپے دیئے تھے۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے فیز 2میں دو جنوری کو ایک ملزم جو پید ل تھا اس نے بسمہ آٹوز کے مکینک اور سب انسپکٹر ناصر محمود کے بھائی محمد عرفان کو سینے پر گولی مار کر قتل کردیا تھا ،جس کو مقدمہ پولیس نے 06/16درج کیا تھا ،ایس ایچ او کمال نسیم نے بتایاکہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ محمد عرفان کی اہلیہ عائشہ عرفان جو کہ عرفان کی تیسری بیوی ہے یہ عرفان سے خلع لینا چاہہی تھی لیکن عرفان اور عائشہ کے درمیان اس بات کو لیکر کافی جھگڑے بھی ہوئے ، عائشہ نے اپنی بھائی کے دوست یوسف سے رابطہ کیا ،یوسف نے اپنے ساتھی عمان محمود کے ساتھ ملکر عرفان کو قتل کردیا ،ایس ایچ او کے مطابق عمان محمود نے عرفان کے سینے پر گولی ماری تھی ،عمان محمود نے قتل کرنے کیلئے عائشہ سے 20ہزار روپے وصول کیئے،تاہم پولیس نے عائشہ اور یوسف کو گرفتار کرلیا جبکہ مرکزی ملزم عمان محمود کی تلاش جاری ہے ۔