حکمران پاکستان فروخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سراج الحق

January 7, 2016 5:29 pm0 commentsViews: 26

ورلڈ بینک کی ایماء پر قومی اداروں کی نیلامی کی جارہی ہے، خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک مزدوروں کا ساتھ دیں گے
اسلامی نظام کے ذریعے ہی محنت کشوں کو کامیابی حاصل ہوگی ،امیر جماعت اسلامی کا نیشنل لیبر فیڈریشن کے کنونشن سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران نجکاری کی آڑ میں پاکسان کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایماء پر قومی اداروں کی نیلامی کی جارہی ہے‘ ملک بھر کے لاکھوں عوام کو مزدوروں کی پشت پر کھڑا کریں گے‘ پاکستان کا مزدور خود کو تنہا نہ سمجھے‘ ہم خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک محنت کشوں کا ساتھ دیں گے‘ اسلامی نظام کے ذریعہ ہی محنت کشوں کو فلاح اور کامیابی حاصل ہوگی اور پاکستان میں بھی خوشحالی آئیگی‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو ریلوے اسٹیڈیم میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے تحت اینٹی نجکاری مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر اسد اللہ بھٹو‘ حافظ نعیم الرحمن مزدور رہنمائوں نے حافظ سلمان بت‘ رانا محمود علی خان‘ عبید اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا‘ سراج الحق نے کہا کہ بڑے بڑے مگر مچھ اقتدار کے ایوانوں اور محلوں میں بیٹھے ہوئے ہیں اور محنت کشوں کا استحصال کررہے ہیں‘ اسٹیل مل ‘پی آئی اے ‘ریلوے اور واپڈا کی تباہی کے ذمہ دار حکمران ہیں‘ آج پاکستان مقروض ہے‘ پانچ ماہ ہوگئے ہیں مگر اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملی ہیں‘ وزیراعظم کے دل میں گوشت کا ٹکڑا نہیں بلکہ لوہے کا ٹکڑا ہے‘ حکمرانوں کی معاشی دہشت گردی عوام کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے‘ کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائیگا اور مزدوروں کے حقوق غضب کرنے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے۔