چوہدری نثار الجھنے کی کوشش نہ کریں، نثار کھوڑو

January 9, 2016 2:06 pm0 commentsViews: 20

پیپلزپارٹی کو ختم کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، وزیر تعلیم
موجودہ حکمرانوں کو ون یونٹ پی پی کو صوبائی خود مختاری پسند ہے، تقریب سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ1973ء کا آئین ملکی سا لمیت اور تحفظ کا ضامن ہے اس آئین کو کوئی مائی کا لال ختم نہیں کر سکتا انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آمروں کے چمچے پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے کل بھی احمقوں کی جنت میں رہتے تھے اور آج بھی اس کا واضح ثبوت پیپلز پارٹی کی حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ہے۔ وفاق سے کوئی امید نہیں، نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے ماہر ہیں۔ چوہدری نثار پیپلز پارٹی سے الجھنے کے بجائے پرویز مشرف کو مرغی چوری کے الزام میں بند کر دیتے تو ان کیلئے اچھا ہوتا۔ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں موجودہ حکمرانوں کو ون یونٹ اور پیپلز پارٹی کو صوبائی خود مختاری پسند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے تحت قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی88 ویں سالگرہ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں وقار مہدی، راشد ربانی، فرید انصاری، نجمی عالم لطیف مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔