وفاق کیخلاف بغاوت کی کوئی بات نہیں کی، مولا بخش چانڈیو

January 9, 2016 4:09 pm0 commentsViews: 30

جمہوریت کے تسلسل کیلئے ن لیگ کی حکومت کی مدد کی اور بیجا تنقید برداشت کی
کراچی میں بلدیاتی نمائندوں کی خریدو فروخت کی ضرورت نہیں، مشیر اطلاعات سندھ کی گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے پیپلز پارٹی پر بلدیاتی نمائندوں کی خرید و فروخت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو کراچی میں بلدیاتی نمائندو ںکی خرید و فروخت کی ضرورت نہیں‘ ہمارے تصور میں بھی نہیں کہ کراچی میں دھاندلی کریں‘ بلدیاتی انتخابات کے فوری بعد ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کرلیا تھا‘ صوبہ سندھ نے وفاق کیخلاف بغاوت کی کوئی بات نہیں کی ہم نے صرف اپنے تحفظات کااظہار کیا ہے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی میںزبردستی مسلط ہونے کی کوئی ضرورت نہیں‘ ہم نے جمہوریت کے تسلسل کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مدد کی اور بے جا تنقید برداشت کی۔