وزیراعظم کی رہائشگاہ پر حملے کا منصوبہ ناکام

January 11, 2016 5:27 pm0 commentsViews: 22

لاہور کے والٹن ایئرپورٹ سے چھوٹے طیاروں کے ذریعے دہشتگردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا، سیکورٹی کیلئے کئی طیارے ان کے درمیان کھڑے کردیئے گئے
کسی بھی طیارے کو اس ایئرپورٹ سے پرواز کرنے سے روک دیا گیا، نصف درجن سے زائد طیاروں کی بیٹریاں بھی نکال دی گئیں، حساس اداروں کی رپورٹ پر اقدام
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے والٹن ایئر پورٹ سے چھوٹے جہاز کے ذریعے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر مبینہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، والٹن ایئر پورٹ پر کھڑے طیاروں کی بیٹریاں نکال کر رن وے کو اداروں کی گاڑیوں کے ذریعے بند کر دیا گیا۔ انتہائی با خبر ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے چھوٹے طیارے کے ذریعے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ منصوبے کی پیشگی خبر ملنے پر والٹن ایئر پورٹ کا کنٹرول جمعرات کی شب قانون نافذکرنے والے اداروں نے ایئر پورٹ کے رن وے پر گاڑی کھڑی کئے جانے کے بعد کسی بھی طیارے کی اس ایئرپورٹ سے پرواز کو روک دیا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے رن وے پر موجود نصف درجن سے زائد تربیتی طیاروں کی بیٹریوں سمیت اڑان میں مدد دینے والے تمام آلات بھی اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لے لئے علاوہ ازیں ایئر پورٹ پر طیاروں کے تمام ہینگرز کے دروازے بند کئے جانے کے ساتھ ساتھ ان کا کنٹرول بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سنبھال لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداروں کی جانب سے والٹن ایئر پورٹ کو اداروں کی جانب سے36 گھنٹوں سے زائد وقت کے بعد کلیئر کیا گیا ۔ تاہم ایئر پورٹ کی کڑی نگرانی تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب مذکورہ اداروں نے8 اور9 جنوری کی شب ایئر پورٹس کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کے ساتھ لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے اطراف میں سرچ آپریشن بھی کیا۔