رینجرز کراچی سے واپس نہیں جائیگی،میجر جنرل بلال اکبر

January 11, 2016 5:30 pm0 commentsViews: 28

شہر میں جاری آپریشن کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا
وفاق کی جانب سے رینجرز کو گرفتاری کے اختیارات حاصل ہیں
کراچی میں بھتوں کا سلسلہ تقریباً ختم ہوگیا، صنعت کاروں سے خطاب
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ رینجرز کراچی سے واپس نہیں جائے گی بلکہ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروصنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے آئین کے تحت رینجرز کو سرچنگ اور گرفتار کرنے کی اجازت ہے۔ لہٰذا رینجرز و اختیارات میں توسیع کی کوئی ضرورت نہیں۔ صوبے کی جانب سے جب رینجرز کے قیام کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی تب بھی ہم اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ رینجرز پولیس و پیشہ وارانہ تربیت دینے اور شفاف بھرتیوں کے نظام کے سلسلے میں خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز میں اگرچہ تنخواہیں پولیس کی نسبت کم ہیں لیکن تربیت، نظم وضبط اور احتساب کا عمل سخت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مرتکب کئی رینجرز اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے۔ میجر جنرل بلال اکبر نے تاجر و صنعت کاروں کو بتایا کہ کراچی میں بھتوں کا سلسلہ تقریباً ختم ہوگیا ہے۔ تاہم اسٹریٹ کرائم اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔ سال 2014ء کے 38000 کے مقابلے میں سال 2015ء میں 40000موبائل فونز چھینے گئے ہیں۔ سال 2014ء میں 268 افراد تاوان کے لیے اغواء کیے گئے جبکہ سال2015 میں یہ تعداد گھٹ کر 25 رہ گئیں جس میں سے 23 اغواء شدہ افراد کو بازیاب کرلیا گیا ہے تاجروصنعتکاروں کی شکایت پر ڈی جی رینجرز نے یقین دلایا کہ بے قاعدگی میں ملوث کسی بھی علاقے کے صنعتکار وصرف شک کی بنیاد پر نہیں بلکہ چیمبر یا متعلقہ صنعتی علاقے کی ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیتے ہوئے انہیں بے قاعدگی کا ثبوت فراہم کرنے کے بعد گرفتار کیاجائے گا۔