سعودی حکومت پاکستان سے نامناسب مطالبات منوانا چاہتی ہے، مجلس وحدت

January 11, 2016 6:01 pm0 commentsViews: 35

پاکستان سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کی کالونی نہیں ہے،علامہ راجہ ناصر عباس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت پاکستان سے وہ نا مناسب مطالبات منوانے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے جو قومی وقار کے منافی اور وطن عزیز کے مفادات کیلئے نقصان دہ ہے، سعودی ہٹ دھرمی پاکستان کو شدید خطرات سے دو چار کر سکتی ہے۔ وحدت ہائوس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کو سفارتی انداز میں ہی طے کرنا چاہئے۔ پاکستان سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کی کالونی نہیں ہے۔ بلکہ ایک آزاد ریاست ہے سعودی عرب سے کوئی بھی معاملہ طے کرنے سے قبل پارلیمنٹ اور ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قوم نواز شریف کو ذاتی حیثیت میں کوئی بھی ایسا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی جس سے ہمارے دیگر مسلم برادر ممالک سے تعلقات متاثر ہوں۔