رواں سال بڑے سیاسی جھٹکے آنے والے ہیں، منظور وسان

January 11, 2016 6:13 pm0 commentsViews: 20

میرا خواب کہتا ہے کہ سندھ اور وفاق میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی
مارچ میں کسی نہ کسی کو قربانی دینا ہوگی، کوئی ایک گھر جائے گا
ریٹائرڈ جرنیل آج بھی سیاستدانوں سے تگڑے ہیں انکا کچھ نہیں ہوگا
سیاست دانوں کو کرپشن کا راستہ بیوروکریٹس دکھاتے ہیں، صوبائی وزیر
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر معدنیات سندھ منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے رینجرز کے اختیارات کم کرنے کا کبھی نہیں سوچا، اب مارشل لاء کا دور ختم ہوگیا۔ 2016ء میں کراچی کی روشنیاں بحال ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ سیاستدانوں کو کرپشن کا راستہ بیوروکریٹ دکھاتے ہیں، ایک انٹر ویو میں منظور وسان کا کہنا تھا کہ آج بھی ریٹائرڈ جرنیل سیاستدانوں سے تگڑے ہیں۔ مشرف کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ رینجرز کے آپریشن کے نتیجے میں شہر قائد سے ڈرانے دھمکانے کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا اس شہر میں انتخابات کے دوران جہاں70 فیصد ووٹ پڑتے تھے وہاں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آئوٹ 30 فیصد رہا جس میں سے ایم کیو ایم کو 13 فیصد ووٹ ملے۔ طاقت کے توازن کیلئے مزید کام کرنا ہوگا۔ دریں اثناء وسان ہائوس خیر پور میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ رواں سال بڑے سیاسی جھٹکے آنے والے ہیں۔ میرا خواب کہتا ہے کہ سندھ اور وفاق میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔ مارچ میں کسی نہ کسی کو قربانی دینی ہوگی۔ سندھ گرینڈ الائنس بنے یا پنجاب گرینڈ الائنس بنے لیکن پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ہونے والا ہے گرینڈ الائنس سے اگر پیپلز پارٹی کو کچھ ہوتا تو آج پیپلز پارٹی ہوتی ہی نہیںِ گرینڈ الائنس سندھ میں کئی مرتبہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق رینجرز کے مسئلے کو اچھال کر پیش کرے گا تو جو سندھ کے ساتھ وفاق نے ظلم و زیادتیاں کی ہیں ہم بھی کسی سے نہیں ڈرنے والے کہ وہ سب کچھ چھپا کر بیٹھیں گے۔ ہمیں دھمکیاں دینے والے ہم سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور میاں برادران کو آنے والے2018ء کے الیکشن میں پتا چلے گا، ابھی تو صرف میڈیا پر آکر جلسے کرکے سیاست کر رہے ہیں۔ سیاست میں اگر جلسے کرکے جیتا جاتا تو آج طاہر القادری بھی ملک کے لیڈر ہوتے۔