قائدآباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 11, 2016 6:19 pm0 commentsViews: 23

کراچی( کرائم پورٹر) صبح سویرے قائد آباد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح قائد آباد مرغی خانے کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 40 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا‘ جبکہ ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ مذکورہ واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ضابطے کی کارروائی کیلئے اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا‘ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے‘ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

قصبہ موڑ پر گھر کے باہر کھڑے شخص کو قتل کر دیا گیا
35 سالہ عمیر باہر کھڑا ہوا تھا، مسلح ملزم نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے
مقتول پولیس کیلئے مخبری کرتا تھا، پیر آباد اور بلدیہ میں فائرنگ سے دو افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) پیر آباد کے علاقے قصبہ موڑ سیکٹر فائیو ایل میں گھر کے قریب کھڑے 35 سالہ عمیر ولد عالم زیب کو ایک ملزم نے اندھا دھند گولیاںمار کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا‘ پولیس موقع پر پہنچی تو لاش کو اسپتال منتقل کیا اور جائے وقعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول اپنی تحویل میں لے لئے‘ ایس ایچ او بروہی کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے‘ مقتول محنت کش اور 2بچوں کا باپ تھا‘ پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ مقتول پولیس کیلئے مخبری کا کام سر انجام دیتا تھا‘ جبکہ پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹائون پراچہ قبرستان کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے18 سالہ محمد زبیر ولد وزیر زخمی ہوگیا ‘ جسے سول اسپتال لایا گیا‘ جبکہ سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹائون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ اجمل ولد عبدالقیوم زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

پسند کی شادی کرنے پر منگیتر کے بھائیوں کی نوجوان کو قتل کی کوششیں
کراچی(کرائم رپورٹر) پسند کی شادی کرنے پر منگیتر کے رشتہ دار جان کے دشمن بن گئے ‘کراچی کے نوجوان شاہد رانا نے کہا کہ اس نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی(ر) نامی لڑکی سے کی جس کی وجہ سے سابقہ منگیتر کے بھائی میری جان کے دشمن بن گئے ہیں اور مجھے انہوں نے قتل کرنے کی کوششیں کیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں‘ عیسائی بھی انسان ہیں اور ہمارا مذہب اسلام ان سے شادی کرنے کی اجازت دیتا ہے‘ حکومت مجھے تحفظ فراہم کرے۔

تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے خاتون سمیت2 افراد ہلاک
دونوں سٹرک عبور کررہے تھے، چاکیواڑہ میں گھر سے ایک شخص کی دو روز پرانی لاش برآمد ہوئی
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونیوالے ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں3 افراد جاں بحق‘ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز9 میں نامعلوم گاڑی نے سڑک عبور کرنیوالی40 سالہ صائمہ دختر االلہ رکھا کو کچل دیا اور گاڑیسمیت فرار ہوگیا‘ جس کی لاش رضا کاروں نے اسپتال منتقل کی جہاں سے متوفیہ کے لواحقین لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹر7/A نورانی پارک کے قریب اندھی گولی لگنے سے20 سالہ محمد بلال ولد محمد ظہور زخمی ہوگیا جبکہ سائٹ کے علاقے شیر شاہ پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے20 سالہ عمر ولد اکرم ہلاک ہوگیا‘ جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی سڑک عبور کررہا تھا کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا‘ ادھر چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر 12 میں رہائش پذیر 65 سالہ اسلم ظفر کی گھر سے دو روز پرانی لاش ملی‘ پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا‘ ایس ایچ او صفدر مشوانی کا کہنا ہے کہ متوفی کی بیوی اور بچے پنجاب گئے ہوئے تھے وہ واپس آئے تو گھر میں لاش پڑی ہوئی تھی وہ ہارٹ کا مریض تھا‘ پولیس کا کہنا ہے کہ جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں ۔