صفائی مہم کے نام پر ڈیزل اور پیٹرول کے پیسے اڑائے جارہے ہیں،خواجہ اظہار الحسن

January 12, 2016 1:00 pm0 commentsViews: 32

سندھ کے وزیر بلدیات کی نام نہاد صفائی کی مہم کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا،متحدہ قومی موومنٹ
کراچی میں ایکشن پلان نام کی کوئی چیز نہیں ہے، آپریشن صرف ایک شہر تک محدود ہے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں میڈیا سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کے وزیر بلدیات کی نام نہاد صفائی مہم کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا تا کہ عوام کو بتایا جا سکے کہ صفائی مہم کے نام پر انہیں دھوکہ دیا جارہا ہے پیر کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک ملک بدر وزیر بلدیات نے بھی ایسی ہی صفائی مہم شروع کی تھی اور اس وقت بھی صفائی مہم کے نام پر پیٹرول اور ڈیزل کے پیسے اڑائے جا رہے ہیں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کیلئے صرف فوٹو سیشن کرائے جا رہے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رینجرز آپریشن پورے صوبے میں ہونا چاہئے کیونکہ اس وقت ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد ہو رہا ہے اور کراچی ایکشن پلان کوئی چیز نہیں ہے۔ اس لئے آپریشن صرف کراچی تک محدود کیوں ہے انہوں نے کہا کہ اگر وفاق پورے سندھ میں آپریشن شروع کرے تو اس کا ساتھ دیں گے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف قائم ہونے والے گرینڈ الائنس سے متعلق سوال پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اس اتحاد کو کہیں نہ کہیں عوامی مینڈیٹ اور سپورٹ تو ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ گرینڈ الائنس کی جانب سے اب تک سندھ کے بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانے سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا اور نہ ہی اتحاد نے یہ بات اپنے ایجنڈے میں شامل کی۔