پشاور، ورلڈT-20 ٹرافی کی آرمی پبلک اسکول میں رونمائی

January 12, 2016 2:05 pm0 commentsViews: 36

پر وقار تقریب میں طلبہ، اساتذہ، اسٹاف، آئی سی سی عہدیدار اور مہمان خصوصی اظہر علی موجود تھے
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان نے اسکول حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا
پشاور( اسپورٹس ڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں رونمائی ہوئی اس پر وقار تقریب میں ادارے کے طلبہ، اساتذہ، اسٹاف اور آئی سی سی کے عہدیدار اظہر علی بطور مہمان خصوصی موجود تھے، قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان نے اس موقع پر اے پی ایس اسکول کے حملے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان2009ء میں یونس خان کی قیادت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنا تھا۔ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم بھارت میں ایک بار پھر ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو۔ اظہر علی نے اسکول کی پرنسپل کو پاکستانی ٹیم کی شرٹ سوینئر کے طور پر پیش کی طلبہ اور اسٹاف نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ آرمی پبلک اسکول میں رونمائی کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کو پشاور سے لاہور روانہ کر دیا گیا۔ جہاں آج صبح11 بجے جم خانہ کرکٹ گرائونڈ میں اس کا فوٹو سیشن ہوگا بعد ازاں قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ثناء میر اور دیگر کھلاڑی اس کو کنیئرڈ کالج لے جائیں گی اور پھر آخری مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم پہنچے گی۔ ٹرافی کا اگلا اور آخری پڑائو بنگلہ دیش ہوگا۔